وزیراعظم کا ہدف پوراکرنے کیلئے ٹیکس نیٹ بڑھانے کا حکم
درآمدات اور برآمدات کی کسٹمز کلیئرنس کا دورانیہ مزیدکم کیا جائے :شہبازشریف وفاقی وزیر رضاحیات ہراج اور چیئرمین واپڈا محمد سعید کی وزیراعظم سے ملاقاتیں
اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کے 11 فیصد کے ہدف کے حصول کیلئے کوششیں تیز کرنے اور ٹیکس محصولات کے اہداف کے حصول کیلئے ٹیکس نیٹ بڑھانے کا حکم دیاہے ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات کی کسٹمز کلیئرنس کے دورانیے کو مزید کم کیا جائے ،حکومتی محصولات بڑھانے کیلئے معیشت کے تمام شعبوں میں ٹیکس انفورسمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کے ٹیکس چوروں اور غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف اقدامات میں صوبائی حکومتوں کو ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے اورسیلز ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ ملک بھر میں تمباکو کے شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ایف بی آر اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے متعدد فوکل پرسن تعینات کئے گئے ہیں اورغیر قانونی سگریٹس کی بڑی تعداد قبضے میں لی گئی ہے ۔،وزیراعظم کو ٹربیونلز اور مختلف اداروں میں ٹیکس کے زیر التواء مقدمات کی پیشرفت پربھی بریفنگ دی گئی ۔
قبل ازیں وزیراعظم سے وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے ملاقات کی اور وزارت سمیت ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد سعید بھی وزیراعظم سے ملے اور واپڈا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی ۔شہبازشریف نے اپنے ایک ایکس پیغا م میں مراکش میں دو رہائشی عمارتوں کے انہدام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی جبکہ مراکش کی حکومت اور عوامِ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔