پاکستان اور یورپی یونین کا غیر قانونی امیگریشن روکنے پر اتفاق

پاکستان اور یورپی یونین کا غیر قانونی امیگریشن روکنے پر اتفاق

برسلز ،اسلام آباد(اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی برسلز میں یورپی یونین کمشنر برائے داخلی امور میگنس برنر سے ملاقات ہوئی ، اس دوران غیرقانونی امیگریشن،انسانی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سمگلرز،ڈرگ مافیا اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ ہر ملک کیلئے چیلنج ہے ، نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر قریبی تعاون ناگزیر ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال پاکستان میں 1770انسانی سمگلرز اور ایجنٹس گرفتار کئے گئے ،غیر قانونی امیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس حکومتی مو قف کا واضح ثبوت ہے ۔یورپی یونین کمشنر میگنس برنر نے غیر قانونی تارکین کے یورپ جانے کی کوششوں میں 47 فیصد کمی پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ غیر قانونی امیگریشن پر مشاورت کیلئے بہت جلد پاکستان کا دورہ کروں گا ۔ملاقات میں معلومات کے تبادلے سمیت تمام ممکنہ تعاون بڑھانے پر اتفاق اورمستقبل میں بھی مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اردنی ہم منصب مازن عبداﷲنے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اردنی ہم منصب سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے امور بشمول انسداد منشیات اور پولیس کی تربیت پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے تعاون کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں