کراچی : قادری ہاؤس پر چھاپہ، 2 بھتہ خور گرفتار، اسلحہ برآمد

کراچی : قادری ہاؤس پر چھاپہ، 2 بھتہ خور گرفتار، اسلحہ برآمد

جواد ،شہباز درجنوں وارداتوں میں ملوث،تعلق صمد کا ٹھیاواڑی گروہ سے ہے اعجاز قادری کو گرفتار نہیں کیا،پولیس،سنی تحریک کی چھاپے کی شدید مذمت

کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کی رہاشگاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا،شہر سے بھتہ خوری کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران کے مطابق ناظم آباد قادری ہاؤس پر ایس آئی یو اور سینٹرل پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2بھتہ خور وں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزموں میں جواد عرف واجہ اور شہباز شامل ہیں، کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا، گرفتار ملزم جواد عرف واجہ درجنوں بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ہے ، ایس ایس پی ڈاکٹر عمران کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ملزم شہباز بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے ،گرفتار ملزمان قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں ،گرفتار ملزمان بھتہ خوری کے لئے شوٹرز، اسلحہ، ٹارگٹ کا نیٹ ورک چلا رہے تھے ،گرفتار ملزموں کا تعلق صمد کا ٹھیاواڑی گروہ سے ہے ، دونوں ملزموں کا کریمنل ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ، ملزموں کو گزشتہ دو روز قبل گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق ثروت اعجاز کو حراست میں نہیں لیا گیا ہے ۔دوسری جانب سنی تحریک نے قادری ہاؤس پر پولیس کے چھاپے کی مذمت کی اور دعویٰ کیا کہ ثروت اعجاز قادری سمیت 20 سے زائد ذمہ داران کو گرفتار کیا گیا تاہم ثروت اعجاز قادری کو کچھ فاصلے پر چھوڑ دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ قادری ہاؤس پر پولیس نے چڑھائی کرکے چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے ، طاقت کے استعمال سے حق سچ کی آواز دبائی نہیں جاسکتی۔سنی تحریک ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی چھپانے کے لیے قادری ہاؤس کے کیمروں کو بھی توڑ دیا ہے ، کراچی ڈویژن کے عہدیداران اور کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں