پی ٹی آئی مصالحت کی بات کرے ورنہ شرمندگی :عمران اسماعیل
تحریک انصاف کی موجودہ قیادت نااہل، انکے پاس اب کوئی راستہ نہیں،سابق گورنر اب سب کا احتساب ہوگا ، نئے صوبے ناگزیر ہیں، محمود مولوی ، پریس کانفرنس
کراچی (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تحریک انصاف کی موجودہ قیادت کو نااہل قرار دیدیا۔ اسلام آباد میں سابق ایم این اے محمود مولوی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عمران اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت نااہل ہے ،واضح نظر آرہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اب کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مصالحت کی بات کرے ورنہ شرمندگی ہوگی، تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا،جھگڑوں کو پس پشت ڈال کر ایک سمت پر چلنا چاہیے ۔ تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے تحریک انصاف کے لیے 22 سال جدوجہد کی وہ پارٹی چھوڑ گئے یا سائیڈ پر ہو گئے ۔ محمود مولوی نے کہا کہ فوجی عدالت کا فیصلہ خوش آئند ہے ،فیض حمید کی وجہ سے اداروں کو نقصان پہنچا،نئے انتظامی یونٹ بننے چاہئیں تاکہ ترقی ہو۔ ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے فیض حمید سے بھرپورفائدے اٹھائے ، سب جماعتیں ایک ٹیبل پر بیٹھیں، ملکی ترقی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جنہوں نے بھی ملک کو نقصان پہنچایا ان سب کا احتساب ہوگا،نئے صوبوں کا قیام ناگزیرہے ، نچلی سطح سے لیکراوپر تک کرپشن ہے ، اب سب کا احتساب ہو گا، فوج نے اپنے انتہائی طاقتور شخص کا احتساب کیا۔