کوہاٹ جلسہ ناکام،پی ٹی آئی کو لوگوں نے ووٹ فساد کیلئے نہیں دیا:وزرا

کوہاٹ  جلسہ  ناکام،پی  ٹی  آئی  کو  لوگوں  نے  ووٹ  فساد  کیلئے  نہیں  دیا:وزرا

سہیل آفریدی جلسوں کے بجائے کارکردگی سے مقابلہ کریں،ان کی ترجیح اڈیالہ جیل جانا اورجلسے کرنا ہے :بیرسٹر عقیل پی ٹی آئی سیاست کے نام پر ریاست پر حملہ آور ،9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کرنا انکی مستقل سوچ ہے:بلال اظہر

اسلام آباد(دنیا نیوز)وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ کوہاٹ جلسہ ناکام ہوا ، پی ٹی آئی کو لوگوں نے ووٹ فساد کے لیے نہیں دیا۔وزیرِمملکت قانون وانصاف بیرسٹرعقیل ملک نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی جلسوں، دھرنوں کے بجائے دوسرے صوبوں کا کارکردگی سے مقابلہ کریں۔وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹرعقیل ملک کا کہنا تھا کہ اداروں میں خود احتسابی کا عمل جاری ہے ، خیبرپختونخوا میں 13 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ عوام کی خدمت کرنے کے بجائے جلسے کر رہے ہیں، لوگوں نے آپ کو ووٹ جلاؤ گھیراؤ، دھرنوں کیلئے نہیں دیا، کوہاٹ کا جلسہ انتہائی ناکام ثابت ہوا۔وزیرِمملکت قانون وانصاف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح وبہبودکیلئے اقدامات کررہی ہے ۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کررہی ہے ، سہیل آفریدی کی ترجیح اڈیالہ جیل جانا اورجلسے کرنا ہوتا ہے ۔ پی ٹی آئی کو لوگوں نے ووٹ فساد کے لیے نہیں دیا۔وزیرِمملکت قانون وانصاف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا،اداروں میں خوداحتسابی کا عمل جاری ہے ، فیض حمید کوسزا اس کا ثبوت ہے ۔

وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ جس فوج نے پاکستان کو دشمن کے خلاف فتح دلائی، پی ٹی آئی اسی کو نشانہ بنا رہی ہے ،پی ٹی آئی اور اس کا بانی مودی کی زبان بول رہے ہیں ، ایک جماعت سیاست کے لبادے میں پاکستان اور فوج دشمن بیانیہ پھیلا رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 124کلومیٹر للہ جہلم روڈ کی تعمیراتی سائٹ کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلال اظہر کیانی نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی سیاست کے نام پر ریاست پر حملہ آور ہے اور کوئی محب وطن ایسی زبان استعمال نہیں کرسکتا جو پی ٹی آئی اور اس کا بانی استعمال کر رہے ہیں ، پی ٹی آئی کے لیڈرز کو بتانا ہوگا وہ پاکستان کے ساتھ ہیں یا بانی کی ملک دشمن سوچ کے ساتھ؟۔ بلال اظہر کیانی نے کہاکہ بیرون ملک جھوٹ بولنے والے پی ٹی آئی حامیوں کو جرمانے اور سزائیں ہو رہی ہیں ،ڈی چوک پر قبریں کھودنا، پی ٹی وی اور 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کرنا پی ٹی آئی کی مستقل سوچ ہے ، پی ٹی آئی دور میں پوری سڑک کھود دی گئی جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، للہ جہلم روڈ کی تعمیر سے لاکھوں لوگوں کی دیرینہ مشکل کا خاتمہ ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں