گریڈ 5 تک نئی اسامیوں کی تخلیق اور بھرتی پر پابندی عائد
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت نے وزارتوں،ڈویژنز، محکموں، خودمختار محکموں، نیم خود مختار اداروں اور کارپوریشنز میں 1 تا 5 سکیل کی نئی اسامیوں کی تخلیق اور موجودہ خالی اسامیوں پر بھرتی پر پابندی عائد کردی ہے۔
وفاقی کابینہ نے رائٹ سائزنگ پالیسی کے تحت مذکورہ فیصلہ کی منظوری دی ہے، فیصلے کے مطابق ٹیکنکل و خصوصی کیڈر کے علاوہ 1 تا 5 گریڈ کی نئی اسامیوں کی تخلیق نہیں ہوگی، کابینہ کے فیصلہ کے مطابق موجودہ اسامیوں پر نئی بھرتی بھی نہیں کی جائے گی، پہلے بھرتی ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد مذکورہ اسامیاں ختم کر دی جائیں، ان اسامیوں کی تمام سروسز آؤٹ سورس کر دی جائیں، کاموں کیلئے نجی شعبے کی خدمات حاصل کی جائیں، ٹیکنکل اور خصوصی کیڈر جو آؤٹ سورس نہیں کیے جا سکتے یا مذکورہ سروسز کے حامل ماہرین نجی شعبے سے دستیاب نہ ہوں تو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت خزانہ کی منظوری کے بعد بھرتی کی جائے۔