پمز کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پر مقدمہ ، ای ڈی سے رپورٹ طلب

 پمز کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پر مقدمہ ، ای ڈی سے رپورٹ طلب

اسٹیٹ آفس کی درخواست پر مکان میں توڑ پھوڑ کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی

اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزارتِ قومی صحت نے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ہسپتال کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اسٹیٹ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شفیق کی درخواست پر تھانہ آبپارہ نے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ہسپتال ڈاکٹر اقبال درانی کے خلاف سرکاری مکان میں توڑ پھوڑ کے الزام میں مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق سرکاری مکان کو تقریباً 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ جی سکس ون۔تھری میں واقع پرانا ہاؤس نمبر 543 اور نیا ہاؤس نمبر 3 اسٹیٹ آفس کے پول میں شامل تھا، جو سی ڈی اے ہسپتال کی ایک خاتون ڈاکٹر کو الاٹ ہوا تھا، جو ڈاکٹر اقبال درانی کی اہلیہ ہیں۔ تاہم یہ بھی سامنے آیا کہ ڈاکٹر اقبال درانی نے پمز ہسپتال کالونی میں بنگلہ نمبر ایف 15 بھی الاٹ کروا رکھا تھا۔

سرکاری اکاموڈیشن رولز 2002 کی خلاف ورزی پر مذکورہ مکان کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی۔ اسٹیٹ آفس انفورسمنٹ اسکواڈ مجسٹریٹ کی موجودگی میں مکان خالی کرانے پہنچی، جہاں الزام ہے کہ ڈاکٹر اقبال درانی 10 سے 15 نامعلوم افراد کے ہمراہ آئے اور مزاحمت کی۔ انفورسمنٹ اسکواڈ نے مزاحمت کے باوجود مکان خالی کرایا تو معلوم ہوا کہ کھڑکیاں، فرش اور فکسچرز ٹوٹے ہوئے ہیں جس کا تخمینہ 30 لاکھ روپے کے قریب لگایا گیا۔ درخواست میں ڈاکٹر اقبال درانی کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے ۔ دوسری جانب ڈاکٹر اقبال درانی نے موقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے ، مکان انہیں الاٹ تھا اور انہوں نے خود اسے سرنڈر کیا جبکہ انہوں نے پمز ہسپتال کالونی میں بنگلہ ایف۔15 کا قبضہ 12 دسمبر کو حاصل کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں اسی دن ایف آئی آر درج کیوں نہیں کی گئی۔ پمز ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بنگلہ ایف۔15 ڈاکٹر اقبال درانی کے پاس 2021 سے موجود ہے ۔ وزارتِ قومی صحت نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر رانا عمران سکندر سے اس معاملے پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں