گھوٹکی :کوچ کے مغوی تمام مسافر بازیاب، ایک جاں بحق

 گھوٹکی :کوچ کے مغوی تمام  مسافر بازیاب، ایک جاں بحق

گھوٹکی، صادق آباد (نمائندگان دنیا)کوچ سے اغوا کئے گئے تمام مسافروں کو پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے بازیاب کرا لیا، تاہم ایک مسافر جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے کوچ سے 15 مسافروں کو اغوا کیا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے میں وسیع سرچ اور ریسکیو آپریشن کیا۔ ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو نے بتایا کہ 10 مسافروں کو کچے کے علاقے جبکہ 3 کو گنے کی فصل سے بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔ ڈی ایس پی کے مطابق ایک مسافر کی لاش گنے کے کھیت سے ملی، جو خوف کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا، اور اسکی شناخت نہیں ہوسکی، ایک مسافر واقعے کے دوران خوف کے سبب خود ہی موقع سے فرار ہو گیا تھا، جس کے بعد مجموعی طور پر 15 مسافروں کا کیس مکمل ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مؤثر اور بروقت کارروائی کے باعث تمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا ہے ۔ واقعے کے بعد ڈاکوؤں کی ممکنہ نقل و حرکت کے پیش نظر علاقے میں ناکہ بندی مزید سخت کر دی گئی ہے ، جبکہ کچے کے علاقوں اور گنے کی فصل میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے ، علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور امن برقرار رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں