معیاری پراسیکیوشن نظام انصاف کی بنیاد:چیف جسٹس ہائیکورٹ

معیاری پراسیکیوشن نظام انصاف کی بنیاد:چیف جسٹس ہائیکورٹ

پراسیکیوشن افسروں کی تربیت اور کیس مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے چیف جسٹس عالیہ نیلم سے سیکرٹری پراسیکیوشن اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی ملاقات

 لاہور (کورٹ رپورٹر )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم سے سیکرٹری پراسیکیوشن پنجاب سلمان غنی اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے ملاقات کی، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے اس بات پر زور دیا کہ معیاری پراسیکیوشن انصاف کے نظام کی بنیاد ہے اور اس ضمن میں پراسیکیوشن افسروں کی پیشہ ورانہ تربیت، کیس مینجمنٹ اور قانونی معاونت کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے ،انہوں نے عدلیہ اور پراسیکیوشن کے درمیان باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مشاورت سے مقدمات کے جلد اور منصفانہ فیصلوں میں مدد ملے گی،ملاقات میں قانون کی حکمرانی، انصاف کی بروقت فراہمی اور عوام کے اعتماد کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،ملاقات میں صوبے میں زیرِ التوا اور اہم نوعیت کے مقدمات کی مؤثر، جامع اور معیاری پراسیکیوشن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ مقدمات کی بروقت پیروی، شواہد کی درست تیاری اور پراسیکیوشن و عدالتی نظام کے درمیان بہتر رابطہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے چیف جسٹس کو محکمہ پراسیکیوشن کی کارکردگی، درپیش چیلنجز اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ سیکرٹری پراسیکیوشن سلمان غنی نے ادارہ جاتی ہم آہنگی اور استعداد کار میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں