’’ستھرا پاکستان‘‘مہم کے تحت فیض حمید کو سزا سنائی گئی : عظمیٰ
مریم نواز کے کاموں کی آواز پوری دنیا میں گونج رہی ہے :صوبائی وزیراطلاعات دوسرے صوبے ٹارگٹ پورا نہیں کر پا رہے ،پنجاب ان کوگندم دیتا:وزیر زراعت
لاہور(نیوزایجنسیاں ،دنیانیوز)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ‘‘ستھرا پنجاب’’ کے بعد ‘‘ستھرا پاکستان’’ مہم چلنی شروع ہو گئی،اسی کے تحت فیض حمید کو سزا سنائی گئی،جو کہتے تھے کہ اداروں میں احتساب نہیں ہوتا تو اب ایک ادارے نے اپنے ایک ملازم کو سزا سنا دی ہے ،باقی اداروں کو بھی بسم اللہ کرنی چاہئے ،پنجاب میں صرف کام نہیں بلکہ معجزات ہورہے ہیں، مریم نواز کے کاموں کی آواز پوری دنیا میں گونج رہی ہے ،پنجاب میں امتحانی نظام تمام صوبوں سے بہتر ہے ، پنجاب میں پورا پورا امتحانی سنٹر نہیں بکتا۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم کی جانب سے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، پاکستان کی تاریخ میں 16دسمبر2014کا دن بھلایا نہیں جاسکتا۔ خیبرپختونخوا میں اب بھی دہشت گردی کی لہر چل رہی ہے ، افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گورننس، شفافیت اور میرٹ کا نیا ماڈل متعارف کرایا، برمنگھم میں گورنمنٹ وزیراعلیٰ مریم نوازکاگورننس ماڈل لاگو کرنا چاہتی ہے ، دنیا میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے پنجاب کی مثالیں دی جارہی ہیں ۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ یوریا کھاد آج بلیک میں فروخت نہیں ہورہی، پنجاب دوسرے صوبوں کو گندم دیتا ہے ، دوسرے صوبے اپنا گندم کا ٹارگٹ پورا نہیں کر پا رہے ۔