بھتے کی پرچیاں : سندھ حکومت کا وفاقی وزیر داخلہ کو آن بورڈ لینے کا فیصلہ
وفاقی تعاون سے بیرون ملک بیٹھے بھتہ خوروں کیخلاف کارروائی کرینگے ،قبضے ، بھتہ خوری برداشت نہیں، وزیراعلیٰ پولیس شکایات پر کارروائی کرے ، مراد شاہ ،حسن بخشی کی زیر قیادت آباد کے وفد کی ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا
کراچی (سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جمعرات کو آباد کے وفد سے ملاقات کی۔ بلڈرز کو بھتے کی پرچیوں کے معاملے پر سندھ حکومت نے وفاقی وزیر داخلہ کو آن بورڈ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت آباد نمائندگان کی میٹنگ ہوئی، جس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کی نگرانی میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آئی جی سندھ نے ہنگامی اجلاس بلالیا۔ چیئرمین آباد کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ آئندہ ماہ آباد کا اہم دورہ بھی کریں گے ، بھتے میں ملوث مجرموں کے ریڈ وارنٹ جلد جاری ہوں گے۔
مراد شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت کسی بھی صورت میں زمینوں پر قبضے یا بھتہ خوری کو برداشت نہیں کرے گی، انہوں نے واضح کیا کہ سندھ میں کہیں بھی زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی،کسی بھی صورت میں زمین پر غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جا سکتا،میں نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ زمین پر کسی بھی قسم کے غیر قانونی قبضے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وفد کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ چند ماہ قبل انہوں نے زمینوں پر قبضے کے خلاف سخت کارروائی کی تھی جس کے بعد ان کی زمینوں پر کوئی نیا غیر قانونی قبضہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت سندھ کے ساتھ مل کر ایسے تمام پرانے قبضے ختم کرنے کے لیے تیار ہیں جو اب بھی کہیں موجود ہوں۔ اس حوالے سے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفد نے وزیر اعلیٰ کو موصول ہونے والی بھتہ خوری کی پرچیاں اور ان افراد کے ٹیلی فون نمبرز بھی فراہم کیے جو مبینہ طور پر بیرون ملک سے یہ پرچیاں بھجوا رہے تھے ۔ وفد نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ارکان کو درپیش مسائل سے بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ پولیس نے وسیع پیمانے پر کارروائیاں کیں، 50 بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا جبکہ پولیس مقابلوں میں 6مجرم مارے گئے ۔مراد شاہ نے پولیس کو ہدایت دی کہ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کی ہر شکایت پر فوری ردعمل دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پولیس کو واضح ہدایات دی ہیں کہ آباد کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی مدد سے بیرون ملک سے بھتہ خوری کی کالز کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔