لاہور ہائیکورٹ :سنوکر کلب کا کاروبار جائز اور قانونی قرار

لاہور ہائیکورٹ :سنوکر کلب کا کاروبار جائز اور قانونی قرار

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سنوکر کلب کے کاروبار کو جائز اور قانونی قرار دے دیا۔ جسٹس جواد ظفر نے قرار دیا کہ سنوکر کلب چلانا ،قانونی اور تفریحی سرگرمی ہے کوئی قانون اس پر پابندی عائد نہیں کرتا، کاروبار پر مکمل پابندی عدالتی اختیارات کا غلط استعمال ہے۔

 عدالت نے شہری کا سنوکر کلب بند کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔ جسٹس جواد ظفر نے شہری محمد راشد کی اپیل پر پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق ہر شہری کو قانونی بزنس کرنے کا حق ہے بلیرڈ اور سنوکر کے کھیل غیر اخلاقی نہیں،نہ ہی قانون کے تحت ممنوع ہیں۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواستگزار کے مطابق وہ سرگودھا میں سنوکر کلب چلاتا تھا سنوکر کلب کے ذریعے عوام کو بیلیرڈ گیم کھیلنے کی تفریح فراہم کی جاتی تھی تاہم مخالف نے درخواستگزار کا سنوکر کلب بند کرنے کے لئے علاقہ مجسٹریٹ کو درخواست دی جس میں کہا کہ کلب رات دیرتک کھلا رہتا ہے اور شورغل ہوتا ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مجسٹریٹ نے سی آر پی سی سیکشن 133کے تحت سنوکر کلب بند کرنے کا حکم دیا ،سنوکر کلب سیکشن سی آر پی سی کے سیکشن 133کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا ،سیکشن 133 کے تحت حکم محدود اور مخصوص ہونا چاہیے ، تاکہ کسی کے معاشی حقوق متاثر نہ ہوں ۔ عدالت سنوکر کلب بند کرنے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتی ہے ، درخواستگزار دوبارہ سنوکر کلب کھول سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں