موسمی حالات :گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ملتوی

 موسمی حالات :گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ملتوی

پی پی اور ن لیگ 24 جنوری کو الیکشن کی حمایتی،13جماعتیں مخالف الیکشن کمیشن کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس ،نئی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا

گلگت،استور(دنیا نیوز،اے پی پی)موسمی حالات میں شدت کے باعث گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان میں الیکشن کے حوالے سے کل جماعتی کانفرنس ہوئی جس میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پی پی اور ن لیگ نے 24 جنوری کو الیکشن کرانے کی حمایت کی،کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ جنرل انتخابات کے لیے 13مختلف جماعتوں نے مخالفت کی، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کردیا جائے گا۔ آل پارٹیز کانفرنس کی صدارت چیف الیکشن کمشنراستور راجہ شہباز خان نے کی،جس میں تمام پارٹیوں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان میں موسمِ سرما کی موجودہ اور متوقع صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، شرکا نے مجموعی طور پر اس امر کا مشاہدہ کیا کہ جنوری میں متوقع برفباری ، شدید موسمی حالات،ووٹرز کی آزادانہ، محفوظ اور بھرپور شرکت میں سنگین رکاوٹ بن سکتے ہیں،پولنگ عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کی محفوظ تعیناتی اور نقل و حرکت کو متاثر کر سکتے ہیں،انتخابی سامان کی بروقت اورمحفوظ ترسیل میں مشکلات پیدا کر سکتے ہیں مجموعی طور پر آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو شدید طور پر متاثر کر سکتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تمام پہلوئوں کو مد نظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات اور بلدیاتی الیکشن کا شیڈول ملتوی کردیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا گلگت بلتستان اسمبلی کی طبی مدت مکمل ہونے کے ساٹھ روز کے اندر الیکشن کرانا لازمی ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا گیا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں