زرمبادلہ ذخائر 21ارب ڈالر کیساتھ 4سال کی بلندترین سطح پرپہنچ گئے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملکی مجموعی ذخائر 21ارب ڈالر کیساتھ 4سال کی بلندترین سطح پرپہنچ گئے ،ملکی مجموعی ذخائر میں 1 ارب 47 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق آئی ایم ایف سے موصول ہونے والی 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط زرمبادلہ کے ذخائر میں شامل ہونے کے بعد ملکی مجموعی ذخائر 2021 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد مجموعی ذخائر بڑھ کر 21 ارب 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق سٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد سٹیٹ بینک کے ذخائر 14 ارب 58 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 15 ارب 88 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی 17 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد کمرشل بینکوں کے ذخائر بڑھ کر 5ارب 20 کروڑڈالر ہو گئے ہیں۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری ڈالر ذخائر اب آئی ایم ایف کے مقررہ بینچ مارک کے مطابق تین ماہ کی درآمدات کے برابر ہو چکے ہیں، جو ایک اہم معاشی سنگِ میل ہے۔