نیب اور نائیجیریا کے ادارے کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

نیب اور نائیجیریا کے ادارے کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

یہ اقدام کرپشن اور مالیاتی جرائم کیخلاف عالمی تعاون کو مزید موثر بنائے گا ، ترجمان شراکت داری کرپشن کے خلاف عالمی جدوجہد کو بھی مضبوط کرے گی ،چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی)قومی احتساب بیورو (نیب) نے دوحہ، قطر میں منعقدہ اقوام متحدہ کے انسداد کرپشن کنونشن(یو این سی اے سی) کے تحت ریاستی فریقین کی 11ویں کانفرنس کے موقع پر نائیجیریا کے ادارے اکنامک اینڈ فنانشل کرائمز کمیشن کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد کرپشن اور مالیاتی جرائم کے خلاف بین الاقوامی تعاون کو مزید موثر بنانا ہے ۔ مفاہمتی یادداشت پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر) نذیر احمد اور ای ایف سی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین اولانی پیکون اولوکوئیوڈ نے دستخط کیے۔

معاہدہ شفافیت، احتساب اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے ۔یہ تعاون پاکستان اور نائیجیریا کی اقوام متحدہ کے انسداد کرپشن کنونشن کے تحت بین الاقوامی ذمہ داریوں کے عین مطابق ہے جو سرحد پار کرپشن کے خاتمے اور مالیاتی جرائم کی روک تھام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے ۔اس موقع پر چیئرمین نیب نے کہا کہ یہ شراکت داری نہ صرف تحقیقات اور قانونی کارروائی کی صلاحیتوں کو بہتر بنائے گی بلکہ کرپشن کے خلاف عالمی جدوجہد کو بھی مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب اور ای ایف سی سی باہمی تعاون کے ذریعے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انصاف کی فراہمی سرحدوں تک محدود نہ رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں