بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی ماضی کے برعکس شدید پریشان وکلا کیساتھ تلخ لہجہ
پوچھے بغیر پیش کیوں ہوئے ،میرے بغیر آگے کیوں گئے ؟عمران وکلاپربرہم سلمان صفدر نے حکمنامہ پڑھ کر بتایا تو بانی پی ٹی آئی نے غصے سے کہا سب باہر جاؤ
راولپنڈی (احمد بھٹی) توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ سنانے کی عدالتی سماعت کے موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی ماضی کے برعکس شدید غصے میں اور پریشان تھے ، اپنے وکلا کے ساتھ تلخ جملوں کا استعمال کیا ۔ عدالت کے آغاز سے قبل دونوں میاں بیوی ایک دوسرے کے قریب بیٹھے اور شدید غمزدہ کیفیت میں تھے ۔ جج شاہ رخ ارجمند آئے اور پوچھا وکیل صفائی آئے ہیں تو ارشد تبریز ایڈووکیٹ سامنے پیش ہوئے اور حاضری لگائی۔ عدالت نے فیصلہ سنایا اور عدالت برخاست کر دی۔ بانی نے وکیل ارشد تبریز سے کہا میرے پوچھے بغیر آپ پیش کیوں ہوئے۔
اس کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا سلمان صفدر سے مکالمہ ہوا ، بانی نے سوال کیا میرے وکلا میرے بغیر آگے کیوں چلے گئے ۔ بشریٰ بی بی نے کہا پہلے یہ بتائیں آپ لوگ لیٹ کیوں آئے ۔ سلمان صفدر نے کہا میرے خیال میں آج فیصلہ کا دن نہیں تھا۔ عدالتی اہلکار بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے پاس فائل لے کر موجود تھے ۔ بانی نے کہا مجھے بتاؤ کیا سزا سنائی گئی ۔ سلمان صفدر نے عدالتی حکمنامہ پڑھ کر بتایا تو بانی پی ٹی آئی نے سختی سے کہا سب باہر جاؤ، میڈیا اور جیل اہلکاروں کو بھی باہر جانے کا کہا ۔ ہفتہ کی سماعت کے موقع پر بانی اور بشریٰ بی بی غصے کی سخت کیفیت میں تھے ۔ یہ کیفیت ماضی کی روایات کے بر عکس اور روٹین سے ہٹ کر تھی ۔