بانی پی ٹی آئی پر ہتک عزت دعویٰ، شہباز کے گواہ پر جرح مکمل

بانی پی ٹی آئی پر ہتک عزت دعویٰ، شہباز کے گواہ پر جرح مکمل

گواہ عدنان رضا نے اپنا بیان قلمبند کروایا ، وکیل محمد حسین چوٹیا نے جرح کی بانی پی ٹی آئی نے جھوٹا الزام بارباردہرایا،وزیراعظم کیخلاف انتشار پھیلا :گواہ

لاہور (کورٹ رپورٹر )ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی کے روبرو شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کیخلاف ہتک عزت دس ارب روپے ہرجانے کے دعویٰ کی سماعت گزشتہ روز ہوئی،عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کے گواہ عدنان رضا کا بیان قلمبند کیا ،بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد حسین چوٹیا نے گواہ پر جرح مکمل کر لی ۔گواہ نے کہا کہ میری اور پورے خاندان کی وابستگی مسلم لیگ ن سے ہے ، شہباز شریف وزیراعظم کو عوام کی خدمت کرتے دیکھ رہے ہیں ، تین بار وزیراعلیٰ رہے ہیں اور دو بار وزیراعظم منتخب ہوئے ۔ اپریل 2017 کو بانی پی ٹی آئی نے الزام لگایا کہ شہباز شریف اور انکے خاندان میں سے کسی نے دس ارب روپے کی آفر کی ، پھر یہی بات نیوز پروگرامز میں بھی دہرائی گئی ،بانی پی ٹی آئی نے الزام باربار دہرایا ، نو مئی 2017 کو میں نے اخبار میں پڑھا کہ شہباز شریف نے انہیں لیگل نوٹس بھیجا ہے ، یہ جھوٹا الزام ہے ،اس الزام کی وجہ سے لوگوں میں شہباز شریف کے خلاف انتشار پھیلا ، بعد میں اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ن لیگ ہمارے حلقے سے ہار گئی ۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے سوال پوچھا کہ آپ نے جتنے وقوعے لکھوائے ہیں یہ سارے پنجاب کے نہیں ہیں ، گواہ نے کہا کہ جی میں نے یہ نہیں کہا کہ پنجاب میں ہوئے ہیں میں نے یہ سارے پروگرام ٹی وی میں دیکھے ہیں۔وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ نے لفظ منتخب کا استعمال کیا، میں یہ کہتا ہوں کہ یہ الیکشن کمیشن سے ساز باز کر کے فارم 47 سے آئے ہیں ، گواہ نے کہا یہ غلط ہے کہ شہباز شریف ساز باز کر کے آئے ہیں ۔ وکیل نے پوچھا آپ نے کیس کا نام لیا کہ پانامہ کیس ،یہ کیس کیا تھا ،گواہ نے کہا کہ یہ باہر کی جائیداد کا تھا جو نواز شریف اور انکے بچوں پر الزام لگایا ، نواز شریف پانامہ کی وجہ سے نااہل نہیں ہوئے تھے بلکہ اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کی وجہ سے نااہل ہوئے ۔وکیل نے سوال کیا کہ کوئی فیصلہ میرٹ پر بری ہونے کا پیش کر سکتے ہیں ؟،گواہ نے کہانہیں میں کوئی فیصلہ پیش نہیں کر سکتا ۔ وکیل نے کہان لیگ الیکشن بانی پی ٹی آئی کے الزامات کی وجہ سے نہیں بلکہ کرپشن کی وجہ سے ہاری ہے ۔گواہ نے کہا نہیں یہ غلط ہے کہ ن لیگ کرپشن کی وجہ سے ہاری ۔اس سے قبل سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد اوروفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کے بیانات پر جرح مکمل ہوچکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں