عمران خان کو اب تک کون سے مقدمات میں کتنی قید ہوچکی ہے ؟

عمران خان کو اب تک کون سے  مقدمات میں کتنی قید ہوچکی ہے ؟

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم عمران خان کو 5 اگست 2023 کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد سے عمران خان جیل میں ہیں۔

توشہ خانہ کیس کی سزا تو معطل ہو گئی تھی تاہم عمران خان کے خلاف دیگر مقدمات بھی زیر سماعت ہیں اور کچھ میں سزائیں بھی ہو چکی ہیں،ایک کیس میں ضمانت منظور ہو بھی جائے تو دوسرے مقدمہ میں گرفتاری ڈال دی جاتی ہے ، عمران خان کے خلاف کیسز کے ٹرائل بھی اڈیالہ جیل میں ہی ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سنٹرل ارجمند شاہ نے اڈیالہ جیل میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں توشہ خانہ 2 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کو 17،17 سال قید کی سزا دی۔ اس سے پہلے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس میں بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7،7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج سیشن جج افضل مجوکا نے عدت میں نکاح کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سنائی گئی سزا معطل کردی تھی۔ رواں سال کے آغاز میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 17 جنوری 2025 کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے کی سزا سنا دی تھی۔فیصلہ سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 30 جنوری 2025 کو خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عمران خان کے خلاف 9 مئی مقدمات ابھی بھی زیر سماعت ہیں تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں