عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل کی ہدایت
جدوجہد عبادت ہے اور میں شہادت کے لیے بھی تیار ہوں:فیصلے کے بعد گفتگو صبر ختم،خان نے احتجاج کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کردی:علیمہ ،سلمان راجہ
اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،خبر نگار،اپنے نامہ نگار سے )سابق وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کی ہدیت کردی۔فیصلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جدوجہد عبادت ہے اور میں شہادت کے لیے بھی تیار ہوں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا توشہ خانہ ٹو کا فیصلہ لکھا ہوا ہے اس کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے ، لوگوں کا صبر ختم ہوچکا ہے ، عمران خان نے احتجاج کی تیاریاں کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ رات پی ٹی آئی وکیل سلمان صفدر نے ہمیں کال کی ، وکیل کل لاہور تھے ، ہم دھند کی وجہ سے کافی مشکلات کے باعث یہاں پہنچے ۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ٹی وی کی سہولت میسر نہیں ، ہم نے جج سے سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی ، سب کو معلوم ہے یہاں جج کی کوئی نہیں سنتا، بانی پی ٹی آئی نے ہم تک پیغام پہنچایا کہ مجھے اور بشریٰ بی بی کو مینٹل ٹارچر کیا جا رہا ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے سہیل آفریدی کو احتجاج کی کال کی تیاری پکڑنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ، ہم اپیل کے لیے ہائی کورٹ جائیں گے ۔ ہم بانی پی ٹی آئی پر ناروا سلوک کے لئے پیر کو سپریم کورٹ جا رہے ہیں ، ہم منگل کو دوبارہ یہاں اڈیالہ آئیں گے ،بانی پی ٹی آئی نے یہ پیغام پہنچایا کہ ہم شہادت قبول کرنے کو تیار ہیں ، بانی کی اس بات کے بعد ہمیں بھی شہادت قبول ہے ۔دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے خیبرپختوخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی رہنما اسد قیصر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کی کی فیملی اور وکلاکا عدالت میں موجود ہونا بنیادی حق ہے ، اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم ہے کہ سماعت کے دوران خاندان کا سماعت میں موجود ہونا ضروری ہے۔
ہمیں جیل جانے سے روکنا صریحاً خلاف ورزی ہے ، یہ واضح ہے ، یہ کیس وعدہ معاف گواہان کی بنیاد پر چلائے جا رہے ہیں ، ان کے پاس کوئی گواہ نہیں سوائے اس شخص کے جس کو بانی پی ٹی آئی نے خود نکالا ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عوام اب سڑکوں پر آکر آواز بلند کریں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وہ اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔عوام کی آزادی لے کر رہوں گا یا شہادت کیلئے تیار ہوں۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رات کو آٹھ بجے ہم سب وکلائکو توشہ کیس کی اچانک سے اطلاع ملی تھی ، 16اکتوبر کو کیس ملتوی کیا گیا ، آج عدالتی کارروائی ہونی تھی نہ کہ فیصلہ آنا تھا ، ملزمان اور وکلائکی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا گیا ۔