500افسروں کی ترقی کیلئے ڈی ایس بی اجلاس دوسری بار موخر
گریڈ 19میں ترقی کیلئے کل بلایا گیا اجلاس اب آئندہ ماہ جنوری میں ہوگا گریڈ 18میں ترقی کیلئے ڈی پی سی 30دسمبر کے بجائے 13جنوری طلب
اسلام آباد (ایس ایم زمان) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ماتحت تین سروس کیڈر اور ایکس کیڈر کے 500 افسروں کی گریڈ 19 میں ترقی کے لیے ڈیپارٹمنٹل سلیکشن بورڈ (ڈی ایس بی ) اجلاس دوسری مرتبہ موخر کر دیا گیا ہے ، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کل ( 23 دسمبر) کو بلایا گیا اجلاس موخر کر کے 6 جنوری 2026 کو بلانے کے احکامات دیئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے قبل ازیں 10 دسمبر کو ڈی ایس بی اجلاس منعقد کرنے کے احکامات دیئے تھے ۔ آفس مینجمنٹ گروپ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ اور پاکستان پولیس سروس کے 500 سے زیادہ افسران ایک سال سے گریڈ 19 میں ترقی کے لیے ڈی ایس بی اجلاس ہونے کے انتظار میں ہیں۔ مذکورہ اجلاس میں آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے سیکشن افسران کو وفاقی وزارتوں میں سیکرٹریٹ سروس گروپ میں ڈپٹی سیکرٹری کی اسامی پر ترقی دی جاتی ہے ۔ ڈی ایس بی اجلاس نہ ہونے کے باعث آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے 150 ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ کے 250 اور پاکستان پولیس سروس کے 100 کے قریب افسران گریڈ 19 میں ترقی کے منتظر ہیں۔ علاوہ ازیں 300 سے زائد افسران کی گریڈ 18 میں ترقی کیلئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی اجلاس کی تاریخ رواں ماہ 30دسمبر سے تبدیل کرکے 13 جنوری 2026 کو طلب کیا گیا ہے ۔ ڈی پی سی اجلاس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پاکستان پولیس سروس اور آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے گریڈ 17 کے افسران کی گریڈ 18 میں ترقی کی منظوری دی جائے گی۔ پاکستان پولیس سروس کے 70 ، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 80 سے اور آفس مینجمنٹ سروس گروپ کے 100 سے زیادہ افسران کو ترقی دینے کی منظوری دی جائے گی۔