خیبرپختونخوا:2آپریشن ،بھارتی حمایت یافتہ9دہشتگرد ہلاک
ڈی آئی خان میں 4بنوں میں 5دہشتگردمارے گئے ،اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر، نامہ نگار)سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک کارروائی کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ فورسز کی جانب سے دوسری کارروائی ضلع بنوں میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ دہشتگرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے ،سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔آئی ایس پی آر کاکہناتھاکہ ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشتگردی کی یہ مہم جاری رہے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔