ہنزہ:برفانی مادہ تیندوا کی 3بچوں کے ساتھ تاریخی ویڈیو
گلگت (ویب ڈیسک)ہنزہ کے علاقے پاسو میں ایک نادر منظر میں ایک برفانی مادہ تیندوا اپنے 3بچوں کے ساتھ ایک ساتھ نظر آئی۔
ماہرینِ تحفظِ ماحولیات کے مطابق یہ واقعہ اس خطے کی تاریخ میں صرف دوسری بار دستاویزی شکل میں ریکارڈ ہوا ہے ۔ برفانی تیندوے دنیا کے سب سے پوشیدہ اور نایاب جانوروں میں شمار ہوتے ہیں، برف اور پتھریلی پہاڑیوں کے ساتھ قدرتی ہم آہنگی کی وجہ سے یہ انسانی نظر سے اکثر اوجھل رہتے ہیں، ایک برفانی تیندوے کو کیمرے میں قید کرنا بھی بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے ، لہٰذا 4سنو لیپرڈز کا ایک ساتھ دکھائی دینا واقعی غیر معمولی ہے ۔ اس سے قبل یہ منظر ہُشے ویلی، بلتستان میں ریکارڈ کیا گیا تھا، اور ہنزہ کی یہ جھلک اب اس خطے میں دوسری تصدیق شدہ دستاویز کے طور پر شامل ہو گئی ہے ، یہ شاندار ویڈیو واکھان وائلڈ لائف ٹیم نے ریکارڈ کی۔ یہ منظر پاسو میں صحت مند ماحولیاتی نظام کی نشاندہی کرتا اور مناسب شکار کی دستیابی اور انسانی مداخلت کی کمی کی علامت ہے ۔