بال کاٹنے والے ملزمان کی ضمانت خارج،2کمرہ عدالت سے فرار
راولپنڈی(خبر نگار)ٹک ٹاکر ایمان فاطمہ کے بال کاٹنے کے کیس میں عبوری ضمانتیں مسترد ہونے پر 2ملزمان مسماۃ ثناء اور جابر خان کمرہ عدالت سے فرار ہوگئے، جب کہ پولیس ہتھکڑیاں لئے عدالتی احاطہ میں منہ دیکھتی رہ گئی۔
دوران پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان شامل تفتیش ہی نہیں ہوئے بے گناہ کیسے ہیں؟، لڑکی کے بال جبری کاٹے گئے وہ ڈر سے سامنے نہیں آرہی،ایڈیشنل سیشن جج اکرام الحق نے ملزمان کی عبوری ضمانتیں مسترد کرتے ہوئے کہا لڑکی کے بال کاٹنا سنگین واقعہ ہے عبوری ضمانت نہیں دی جاسکتی، دونوں ملزمان پولیس کے پاس شامل تفتیش ہوں، تاہم ملزمان عدالت کے فیصلہ سے چند منٹ قبل کمرہ عدالت سے نکلے اور واپس نہیں آئے ۔واضح رہے کہ تھانہ نصیر آباد نے 25 نومبر کو ایمان فاطمہ کے بال کاٹنے کی ویڈیو سامنے آنے پر کیس درج کیا تھا۔