مذاکرات کی بات کرنیوالے عمران کے ساتھی نہیں، علیمہ
مریم نواز نے بھی توشہ خانہ سے گاڑی لی ،کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟، میڈیا گفتگو 26 نومبر احتجاج،علیمہ خان سمیت 11 ملزموں کیخلاف مقدمہ کی سماعت ملتوی
راولپنڈی ( خبر نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس پر 17 سال قید کی سزا سنائی گئی، مریم نواز نے جو گاڑی توشہ خانہ سے لی تھی اس کا وہ جواب نہیں دے پائی تھی اس کا کیا ہوا؟ قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے ۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے گزشتہ سال 22 نومبر کو پُرامن احتجاج کی کال دی تھی، میرے اوپر الزام ہے میں نے بانی کا پیغام عوام تک پہنچایا، ہمارے خلاف جھوٹی گواہی دینے والوں کو بھی سزا ہونی چاہیے انصاف پاکستان میں اب ختم ہوچکا ہے اچھے ججز بھی ہیں عدلیہ میں لیکن ان کی نہیں سنی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے ہمیشہ رول آف لا کی بات کی ہے ، جو جج رول آف لا کی بات کرتا ہے اسے دبایا جاتا ہے ، حقیقت سب کو پتا ہے کیا ہورہا ہے ۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے پرسوں بھی پیغام بھیجا وہ قوم کیلئے شہادت قبول کریں گے ۔تحریک تحفظ آئین کی کانفرنس کے اعلامیے کے بارے میں مجھے علم نہیں، بانی پی ٹی آئی 90 فیصد لوگوں کی نمائندگی کررہے ہیں، جو لوگ کہہ رہے ہیں مذاکرات کیے جائیں وہ بانی کے موقف کے ساتھ نہیں۔
فیصل ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم نے علیمہ خان کی بریت کی درخواست دائر کی ہے، ہماری درخواست کے باوجود آج گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہیں کیے گئے ، یہ سارے مقدمات سیاسی انتقامی کارروائی پر مبنی ہیں، ہماری عدالتوں سے درخواست ہے وہ انصاف فراہم کریں۔ ادھر انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج پر علیمہ خان سمیت 11 ملزموں کے خلاف درج مقدمہ کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کر دی۔ اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے مقدمہ کی سماعت کی، جس کے دوران مجموعی طور پر8 گواہان کے بیان قلمبند کئے گئے ،مقدمہ میں مجموعی طور پر 16 گواہان کے بیان قلمبند کر لئے گئے ہیں، مقدمہ کی سماعت تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔ سماعت کے دوران گرفتار ملزمان سے برآمد ڈنڈے ، جھنڈے ، غلیلیں، کنچے عدالت پیش کئے گئے ، سماعت کے دوران ملزمہ علیمہ بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔