دوہرے ٹیکس سے بچاؤ : پاکستان اور بنگلہ دیش کا تعاون پر اتفاق

 دوہرے ٹیکس سے بچاؤ : پاکستان اور بنگلہ دیش کا تعاون پر اتفاق

چیئرمین ایف بی آر سے بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کی ملاقات، تجارت، اقتصادی تعاون پر گفتگو بنگلہ دیش کے اعلیٰ سطح وفد کی آمد، بین الاقوامی ٹیکس کے امور اور تجربات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر/سفیرِ محمد اقبال حسین خان نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال سے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تجارت کے فروغ اور باہمی اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کی بین الاقوامی ٹیکسز سے متعلقہ تکنیکی ٹیمیں بدلتے ہوئے عالمی معیارات کے مطابق موجودہ دوہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدے پر تبادلہ خیال کریں گی۔

بنگلہ دیش کے نیشنل ریونیو بورڈ کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد 22 سے 26 دسمبر تک پانچ روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آیا ہوا ہے جس کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آمدنی پر ٹیکس کے حوالے سے دوہرے ٹیکس سے بچاؤ اور مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے موجودہ معاہدے میں ترمیم کیلئے پروٹوکول پر مذاکرات کا آغاز کرنا ہے ، وفد کی قیادت محمد لطف العظیم، ممبر (انٹرنیشنل ٹیکسز) کر رہے ہیں، دونوں جانب سے بین الاقوامی ٹیکس کے امور اور تجربات پر تبادلہ خیال ہوا۔ فریقین نے باقاعدہ روابط کے ذریعے ادارہ جاتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں