عوام کی رائے کو تبدیل کرنے والوں کے ہاتھ پر بیعت نہیں کرینگے : مولانا فضل الرحمن
سکھر (بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران یورپ کے حیوانیت والے تصور کو ہم پر مسلط کرنا چاہتے ہیں، عوام کی رائے کو تبدیل کرنے والوں کے ہاتھ پر بیعت نہیں کریں گے ۔
لاڑکانہ کے مدرسے میں حفظ قرآن کی اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں کی شادی کو زیادتی اور زنا بالجبر قرار دینے کا قانون بنایا جارہا ہے ، میں جانتا ہوں ان اسمبلیوں نے زنا کی سہولیات کیلئے قانون پاس کیے ہیں۔ حکمران زنا کیلئے آسانی اور حق نکاح کیلئے مشکلات پیدا کررہے ہیں۔ تمہیں حکمران ہونے پر غرور ہے ، میں کہتا ہوں کہ تم حکمران نہیں ہو تم دھاندلی کے ذریعے آئے ہو تم نے اسمبلیاں خریدی ہیں،ایسے حکمرانوں کے ساتھ ہم لڑیں گے ۔سکھر میں دستار فضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی کو دشمن نہیں سمجھتے ، ہماری پاکستان سے وفاداری اور دوستی کو تسلیم کیا جائے ۔ کانفرنس میں 54 علما کرام، 20 مفتیان کرام، 6 حفاظ اور 10 حافظات کی دستار بندی کی گئی۔