عام تعطیل کے باعث بانی پی ٹی آ ئی سے کو ئی ملاقات نہ ہوسکی

عام تعطیل کے باعث بانی پی ٹی آ ئی سے کو ئی ملاقات نہ ہوسکی

ملاقات نہ ہونے پر افسوس ،سردیوں کے کپڑے بھی نہیں پہنچانے دیئے ،پی ٹی آئی رہنماء

 راولپنڈی (احمد بھٹی)یوم قائد پر عام تعطیل کے باعث بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں جمعرات کو کسی بھی پارٹی رہنما کی ملاقات نہ ہوسکی۔ چھٹی کے باوجود اڈ یالہ جیل کے باہر جمع ہونے والے رہنماؤں نے ملاقات نہ کرانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی آئین و قانون کا دامن نہیں چھوڑے گی۔ اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر کامران خان بنگش نے کہا کہ آج ملاقات کیلئے جن لوگوں کے نام دیئے گئے تھے وہ سارے آئے ہو ئے ہیں ،امید تھی ملاقات ہو جا ئیگی مگر نہ ہو سکی ، عدلیہ کی بے بسی سب کے سامنے ہے ۔ بانی کے سردیوں کے کپڑے بھی نہیں پہنچانے دیئے جا رہے۔

انہوں نے کہا فواد چودھری اور اسد عمر ہمارے لئے محترم ہیں لیکن یہ لوگ اب پارٹی چھوڑ چکے ہیں،جو لوگ پارٹی چھوڑ چکے ہیں انکی واپسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آ ئی کریں گے ۔رکن قومی اسمبلی ساجد خان مہمند نے کہا کہ فارم 47 کے وزیراعظم نے مذاکرات کی دعوت دی ہے ۔ ہماری پارٹی کا موقف واضح ہے کہ ہم اس ناجائز حکومت کے ساتھ بات نہیں کرینگے ۔بانی نے مذاکرات کا اختیار محمود خان اچکزئی کو دیا ہوا ہے انہوں نے گزشتہ روز مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا۔ ہمیں امید تھی کہ آج ملاقات ہوگی ۔ حکومت نے کوڑیوں کے بھاؤ پی آئی اے کوبیچ دیا حالانکہ اس حکومت کے پاس کوئی اختیار نہیں۔رکن صوبائی اسمبلی پنجاب فیصل خان نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کوئی تقسیم نہیں۔علیمہ خان نے جن لوگوں کی بات کی ہے ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ، جو بھی مذاکرات ہوں گے وہ تحریک تحفظ آئین کے پلیٹ فارم سے ہونگے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں