جتنا دبانا تھا دبا لیا، چاہتے ہیں مذاکرات ہوں : احمد یوسفزئی

 جتنا دبانا تھا دبا لیا، چاہتے ہیں مذاکرات ہوں : احمد یوسفزئی

جب دل چاہے گایہ اچکزئی ، ناصر عباس کو ڈس اون کردینگے :حذیفہ مذاکرات سے مجھے کچھ نکلتا نظر نہیں آرہا:اطہر کاظمی ، دنیا مہر بخاری کیساتھ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان تحریک تحفظِ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی نے کہا کہ ہمارے متعلق یہ کہا گیا ہے کہ ہم مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ، یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہم اس ملک کو بحرانوں سے نکالنا نہیں چاہتے ۔ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات ہوں، مسائل حل ہوں، اپوزیشن کو جتنا دبانا تھا دبا لیا، اب یہ لوگ خود دیوار سے لگے ہوئے ہیں۔ دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کیا حکومت اپوزیشن کے بیانیہ کو ابھی تک دبا سکی؟،آج بھی آواز پوری طاقت سے اٹھ رہی ہے، دنیا میں یہی کچھ ہورہا ہے کہ اپوزیشن مذاکرات میں پہل نہیں کرتی،ہم چاہتے ہیں پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالاجائے۔

معاون خصوصی حذیفہ رحمن نے کہا میں یہ سمجھتا ہوں کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی نے جس طر یقے بہت سارے مواقع پر بہت سارے لوگوں کو ڈس اون کیا اب بھی ہمیں خدشہ ہے جب بھی ان کا دل چاہے گا اچکزئی صاحب، راجہ ناصر عباس کو ڈس اون کردیں گے ،میر ے خیال میں بات دستخط سے آگے کوئی ویڈیو بیان پر جا کر بات رکے گی،وہ جن لوگوں کو مینڈیٹ دے رہے ہیں، کم از کم ان کے فالورز،ان کے ووٹر زکو علم ہو بانی نے ان کو مینڈیٹ دیا ہے ، یہ لوگ فیصلہ کریں گے تو ساری جماعت فیصلے کو قبول کرے گی،میں نے اچکزئی کا بیان سنا ہے انہوں نے اپنے مطالبات میں بانی کی رہائی کی بات نہیں کی،یہ اچھی بات ہے، بانی کی رہائی عدالتوں سے ممکن ہے، جوانہوں نے باقی چیزیں بتائی ہیں ان پر میز پر ڈسکشن ہوسکتی ہے ،اگر کوئی بانی کی گارنٹی دے سکتا ہے تو پھر آگے بڑھا جاسکتا ہے۔

سینئر تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا کہ حکومت نے جو پیش کش کی ہے اس سے معلوم یہی ہوتا ہے کہ حکومت سنجیدہ ہے ، اپوزیشن کو چاہئے کہ حکومت سے بات چیت کرے ،ان مذاکرات سے مجھے کچھ نکلتا ہوا نظر نہیں آرہا،کیا حکومت ان کو کوئی ریلیف دے گیَ،کیا تحریک تحفظِ آئین پاکستان کی چھتری کے نیچے ایسا معاہدہ ہوسکتا ہے ؟،ایسا ہوتا ہوا کچھ نظر نہیں آرہا،مجھے نہیں لگتا ہے کہ ایک دو ماہ میں حکومت اور تحریک تحفظِ آئین پاکستان ، یا پی ٹی آئی کے درمیان کوئی معاہدہ ہوجائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں