وی وی آئی پی پروٹوکول، 27 کروڑ کی گاڑیاں خریدنے کی منظوری
گاڑیاں ناکارہ قرار پائے بغیر نئی خریداری کی اجازت نہیں،محکمہ خزانہ سے سمری واپس معاملہ سیکرٹری داخلہ ، آئی جی کے ذریعے دوبارہ کابینہ میں آ نے پر منظوری دے دی گئی
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت نے ججز اور وی وی آئی پیز شخصیات کے پروٹوکول کے لئے 27کروڑ 10 لاکھ روپے کی 27 نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی، سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی اور آئی جی پنجاب عثمان انور کی درخواست پر صوبائی کابینہ نے نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی۔ خیا ل رہے محکمہ خزانہ پنجاب نے نہ صرف اس سمری پر شدید اعتراضات اٹھائے بلکہ اسے آئی ایم ایف پروگرام کی روح کے بھی منافی قرار دیا،محکمہ خزانہ کا مؤقف تھا کہ آئی ایم ایف کے ای ایف ایف پروگرام کے باعث صوبے میں کفایت شعاری ناگزیر ہے اور ایسے حالات میں نئی گاڑیوں کی خریداری مالی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
دستاویزات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی کی جانب سے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وی وی آئی پیز کے ساتھ تعینات سکواڈ کی گاڑیاں پرانی ہو چکی ہیں، مقررہ مائلیج مکمل یا اس سے تجاوز کر چکی ہیں اور اب سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے موزوں نہیں رہیں، اسی بنیاد پر اعلیٰ شخصیات نے اپنی سکیورٹی پر تشویش کا اظہار کیاہے ۔محکمہ خزانہ نے واضح کیا کہ جب تک موجودہ گاڑیوں کو باضابطہ طور پر ناکارہ قرار نہیں دیا جاتا، اس وقت تک نئی گاڑیوں کی خریداری کی قواعد اجازت نہیں دیتے ۔ محکمہ خزانہ کے اعتراضات پر سمری واپس بھی کی گئی، تاہم بعد ازاں معاملہ سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی اور آئی جی پنجاب عثمان انور کے ذریعے دوبارہ صوبائی کابینہ میں لے جایا گیا، جہاں ان تمام اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے خریداری کی منظوری دے دی گئی۔