آئندہ ہفتے ملک میں بارش پہاڑوں پر برفباری کا امکان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)آئندہ ہفتے کے دوران ملک میں گرج چمک کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ،کل مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا،31 دسمبر کو سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 سے 31 دسمبر تک بلوچستان کے مختلف علاقوں، 30 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ اسلام آباد ،مری، گلیات اورپنجاب کے میدانی علاقوں میں 30 دسمبر سے 2 جنوری تک بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ۔ بالائی خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی بتایا گیا ہے ،گزشتہ روزجڑواں شہروں کے بعض علاقوں میں بونداباندی ہوئی۔اے پی پی کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے ، جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات دھند کی توقع ہے ۔آئی این پی کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ،جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ، زیارت میں منفی 3 ڈگری، ژوب میں 3 ڈگری، قلات میں 1 ڈگری اور سبی میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ تربت میں درجہ حرارت 12، نوکنڈی میں 4، چمن میں 3، گوادر میں 9 اور جیوانی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔