ریلوے پولیس کی ایمانداری، مسافر کے 38 لاکھ واپس کر دئیے

ریلوے پولیس کی ایمانداری، مسافر کے 38 لاکھ واپس کر دئیے

جمعہ کو محسن حیدرآباد اسٹیشن پر اتر گیا، سامان وہیں رہ گیا،جوپولیس نے تحویل میں لے لیا کراچی ڈویژن نے بروقت کارروائی کرکے بیگ روہڑی میں حوالے کردیا

 کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے ایک بار پھر ایمانداری، فرض شناسی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے مسافر کی خطیر رقم بحفاظت اس کے حوالے کر دی۔ 26 دسمبر کو ایک مسافر محسن مشتاق جو پاکستان ایکسپریس کے ذریعے کراچی سے ٹوبہ ٹیک سنگھ سفر کر رہا تھا کسی کام کی غرض سے حیدرآباد اسٹیشن پر اتر گیا۔

 اسی دوران ٹرین روانہ ہو گئی اور مسافر کا سامان جس میں تقریباً 38 لاکھ روپے نقدی موجود تھی، ٹرین میں رہ گیا۔ دوران ڈیوٹی کانسٹیبل راؤ شریف کو مذکورہ بیگ چلتی ٹرین میں ملا، جسے فوری طور پر محفوظ تحویل میں لے لیا گیا۔ اسی اثنا مسافر محسن مشتاق تھانے پہنچا اور اپنے سامان سے متعلق اطلاع دی۔ مسافر کو آگاہ کیا گیا کہ اس کا بیگ ریلوے پولیس کو مل چکا ہے ۔ ایس ایچ او کی بروقت ہدایات   پر کانسٹیبل راؤ شریف پاکستان ایکسپریس کے ساتھ ریلوے اسٹیشن روہڑی تک روانہ ہوا، جبکہ مسافر قراقرم ایکسپریس کے ذریعے روہڑی پہنچا۔

روہڑی ہیلپ سینٹر پر سب انسپکٹر کی موجودگی میں مسافر نے اپنا سامان شناخت کیا، جس کے بعد بیگ سے تقریباً 38 لاکھ روپے مکمل گنتی اور تصدیق کے بعد مسافر کے حوالے کر دیے گئے ۔ مسافر نے ریلوے پولیس کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ کردار کو سراہتے ہوئے تشکر کا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔ یہ واقعہ ریلوے پولیس کراچی ڈویژن کی دیانت داری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے ، جسے شہری حلقوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں