بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے زندگی وقف کر دی، گورنر سندھ

بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے زندگی وقف کر دی، گورنر سندھ

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی۔مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی محترمہ بے نظیر بھٹو کو حاصل ہے ، محترمہ کا وژن پاکستان کی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت اور جمہوریت کے لیے ان کی لازوال جدوجہد ہمیشہ قابلِ تحسین رہے گی اور ان کی قربانیاں تاریخ کے اوراق پر محفوظ رہیں گی۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ خواتین کی بااختیاری اور قیادت میں محترمہ کا تاریخی کردار ناقابلِ فراموش ہے ۔ اصولی سیاست اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کی وہ عظیم مثال ہیں جسے مخالفین بھی تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ کی شہادت سے پاکستان کی جمہوری سیاست کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا، تاہم جمہوریت کے استحکام میں ان کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں اور خدمات کو یاد رکھے گی۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران بے نظیر بھٹو نے مسجد نبویؐ میں کھڑے ہوکر مجھے اپنا بھائی بنایا تھا اور وہ آج بھی بہن کی حیثیت بینظیر بھٹو کا احترام کرتے ہیں۔دبئی میں ایک پاکستانی بزنس مین نے مجھے بینظیر بھٹو سے ملوایا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں