سکھر حیدرآباد موٹروے 3 سال میں مکمل کریں، احسن اقبال

 سکھر حیدرآباد موٹروے 3 سال میں مکمل کریں، احسن اقبال

سٹریٹجک منصوبوں میں کوالٹی پر سمجھوتانہیں ہونا چاہیے ،اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصو بہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ایم ایل-ون کراچی-روہڑی سیکشن پر کام کا آغاز  2026  میں متوقع ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکھر-حیدرآباد موٹروے کو تین سالوں میں مکمل کیا جائے اور اسے سب سے زیادہ ترجیحی منصوبہ قرار دیا جائے۔

ریلوے، ہائی ویز اور پانی کے شعبوں میں کلیدی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) منصوبوں پر اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احسن اقبال نے وزارت ریلوے کو اگلے تین سالوں کے لیے فنڈنگ کی ضروریات کا واضح منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان سٹریٹجک منصوبوں میں رفتار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے این ایچ اے کو اہم منصوبوں کا جامع پورٹ فولیو تیار کرنے اور اگلے تین سالوں کے لیے ان کی فنڈنگ کی ضروریات پیش کرنے کی ہدایت کی۔احسن اقبال نے این ایچ اے کو مضبوط مانیٹرنگ اور رپورٹنگ میکانزم قائم کرنے کی ہدایت کی اور ہر پندرہ دن بعد پیشرفت کی رپورٹس جائزہ کے لیے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے سیکرٹری وزارت واٹر ریسورسز کو ہدایت کی کہ ہر اہم منصوبے کے لیے کم از کم سالانہ فنڈنگ کی حد کی تفصیلی رپورٹ جمع کروائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں