جماعت اسلامی کا سندھ میں یکم جنوری سے عوامی رابطہ مہم کا اعلان

جماعت اسلامی کا سندھ میں یکم جنوری سے عوامی رابطہ مہم کا اعلان

سکھر، میرپورخاص میں ’’بدلو نظام‘‘کے جلسے منعقد، حافظ نعیم و دیگر رہنما خطاب کرینگے پیپلز پارٹی کے 17سالہ اقتدار میں کرپشن، ڈاکو راج سندھ کی پہچان بن چکا:کاشف شیخ

کراچی (سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی نے ‘بدلو نظام کو، سنوارو دو سندھ کو’کے نعرے کے تحت یکم جنوری سے پورے سندھ میں بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم چلانے کا اعلان کر دیا۔ سکھر اور میرپورخاص میں بدل دو نظام کے جلسہ عام منعقد کیے جائیں گے جن سے  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن و دیگر قائدین خطاب کریں گے ۔پیپلز پارٹی کے 17 سالہ دور اقتدار میں کرپشن اور ڈاکو راج سندھ کی شناخت بن چکا ہے ،کراچی سے گڑھی خیرو تک عوام ڈاکوؤں اور بھتہ خوروں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں،ہر جگہ سسٹم کے کارندے عوام کا خون چوس رہے ہیں جنہیں حکومت میں بیٹھے بااثر افراد کی سرپرستی حاصل ہے ، عوام کی داد فریاد سننے والا کوئی نہیں، جماعت اسلامی مظلوموں کی آواز بن کر میدان میں ہے اور بدل دو نظام کو مہم میں پیپلز پارٹی کی عوام دشمن اور سندھ دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے حیدرآباد میں ضلعی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں حیدرآباد، میرپورخاص اور نوابشاہ ڈویژن کے رہنما شریک تھے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ زمینوں کی غیر قانونی بندربانٹ، کارونجھر کی کٹائی سے لے کر سندھ کے حقوق کی سودے بازی تک پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ملوث ہے ،کراچی میں اجرک والی نمبر پلیٹ کی آڑ میں عوام کو لوٹا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب کراچی سے کشمور تک سندھ کی سڑکیں غیر محفوظ اور تباہ حال ہیں، مگر مراد علی شاہ کی حکومت سب کچھ ٹھیک ہونے کا راگ الاپ رہی ہے ،سندھ میں قبائلی تصادم ایک ناسور کی شکل اختیار کر گیا ہے ، شکارپور میں افسوناک واقعہ پیپلز پارٹی کے سندھ میں 17 سالہ سیاہ دور کا نتیجہ ہے ، بدل دو نظام مہم میں حکومت کی سندھ و عوام دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کریں گے ۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت کراچی سے کشمور تک امن و امان کی بحالی، کرپشن کے خاتمے ، عوام کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کے خاتمے اور عوام کو صاف پانی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں صوبائی رہنما الطاف احمد ملاح، سہیل احمد، عبدالقدوس احمدانی، مجاہد چنا ودیگر بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں