لاہور میں 3 روزہ بسنت کا نوٹیفکیشن جاری، سخت ایس او پیز نافذ
پتنگ اور ڈور بنانے ،بیچنے والے مینوفیکچررز کی رجسٹریشن کا آغاز ، خریدوفروخت یکم سے 8 فروری تک ہوگی 6، 7 اور 8 فروری کوبسنت ،چرخی ،دھاتی تارپرپابندی ،پتنگوں کے سائز مقرر،موٹرسائیکل سواروں کیلئے سیفٹی وائرلازمی
لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے 6، 7 اور 8 فروری کو 3روزہ بسنت منانے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،جس کے تحت سخت ایس او پیز نافذ کئے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگ اور ڈور بنانے اور بیچنے والے مینوفیکچررز کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کیلئے ای بز ایپ اور آن لائن پورٹل کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ پتنگ بازی کے سامان کی خرید و فروخت یکم فروری سے 8 فروری تک کی جا سکے گی پتنگ اور ڈور سازی کا کام آج سے شروع کیا جا سکے گااور یہ سلسلہ بھی 8فروری تک جاری رہے گا تاہم اس کے لئے تمام مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کو رجسٹریشن کروانا لازمی ہو گا۔
ایس اوپیز کے مطابق صرف منظور شدہ پتنگ بازی کا سامان استعمال کرنے کی اجازت ہوگی ،رجسٹرڈ دکاندار ہی پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے ۔ چرخی کے استعمال،دھاتی تار، نائیلون، پلاسٹک،تیز مانجھا پر مکمل پابندی ہوگی ،مخصوص معیار کے تحت صرف روئی کی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہے ،پتنگ کے سائز مقرر،گڈے وغیرہ کے سائز بھی طے کردئیے گئے ۔رجسٹرڈ دکاندارسرٹیفکیٹ نمایاں طور پر لازم آویزاں کریں گے ۔سٹاک، فروخت اور نقل و حرکت کا مکمل ریکارڈ رکھنا بھی لازمی قراردیاگیاہے ۔ڈپٹی کمشنر کاکہناتھاکہ بسنت لاہور کا ثقافتی تہوار ہے ، اسے محفوظ بنانا ہماری ذمہ داری ہے ۔خونیں ڈور اور کیمیکل کوٹنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ موٹرسائیکل سواروں کیلئے سیفٹی وائرلازمی قراردی گئی ہے۔