حوالہ ہنڈی:2025میں 546مقدمات،667ملزم گرفتار

حوالہ ہنڈی:2025میں 546مقدمات،667ملزم گرفتار

174انکوائریوں کی تفتیش مکمل ،ایک ارب 99کروڑ کی ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد کئی پلازے ،مارکیٹیں ،دکانیں سیل ،ایف آئی اے کا ملک گیر کریک ڈاؤن جاری

اسلام آباد (دنیانیوز)ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سال 2025 کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 523 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئیں اور 546 مقدمات درج کر کے 667 ملزموں کو گرفتار کیا گیاجبکہ 174 انکوائریوں کی تفتیش بھی مکمل کی گئی۔

رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 1 ارب 99 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی،جس میں 7لاکھ 77ہزار 868 امریکی ڈالر اور 32 کروڑ روپے سے زائد کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل ہے ، 1 ارب 45 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے بھی برآمد کئے گئے ۔پشاور زون 199، کوہاٹ زون 63، لاہور زون 58، فیصل آباد زون 15، ملتان زون 70 ،اسلام آباد زون 22، کراچی زون 101، حیدرآباد زون 14 اور بلوچستان زون نے 120 ملز موں کو گرفتار کیا۔ملک بھر میں متعدد پلازوں،مارکیٹوں اور دکانوں کو بھی سیل کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں