رواں سال 2196 سائبر کیسز کی تفتیش، 2902 ملزم گرفتار
5بڑے سائبرکرائم نیٹ ورکس بے نقاب،سائبرفراڈمیں46کروڑکے اثاثے برآمد 46 ہزار جعلی بینک اکاؤنٹس ،ڈیجیٹل اثاثے منجمد:این سی سی آئی اے کی سالانہ رپورٹ
اسلام آباد(دنیا نیوز)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے ) نے ڈیجیٹل جرائم سے نمٹنے کے حوالے سے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ،جس کے مطابق این سی سی آئی اے نے ڈائریکٹر جنرل سید خرم علی کی قیادت میں قومی سلامتی کے تحفظ اور ملک کو ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا، سال کے دوران سائبر کرائم کے 2196 بڑے کیسز کی کامیابی کے ساتھ چھان بین کی گئی، جبکہ 36 فیصد کیس ریزولیوشن ریٹ پر حاصل کیا گیا، اس دوران 2902 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 774 مقدمات میں کامیاب قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی،ایجنسی نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر سرگرم 5 بڑے منظم سائبر کرائم نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا جبکہ سائبر فراڈ اور مالی گھپلوں کے متاثرین کے 461 ملین روپے سے زائد کے اثاثے بھی برآمد کیے گئے ، 46 ہزار 56 جعلی بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل اثاثے منجمد کروائے گئے ،خصوصی آپریشنز کے تحت بچوں کے آن لائن استحصال کی روک تھام کے لیے نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 35 مقدمات درج کیے گئے اور 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔