عمران اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر

 عمران اور بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر

سپیشل سنٹرل عدالت کو سماعت کا اختیار نہیں تھا، صہیب کو غیر قانونی سلطانی گواہ بنایا ناحق سزا سنائی گئی ،ہماری استدعا ہے 7 جنوری کوسماعت رکھی جائے ، وکیل

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں دائرکردی گئیں، وکیل خالد یوسف چودھری نے بانی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے الگ الگ اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کیں،اسلام آباد ہائی کورٹ نے دونوں اپیلوں پر ڈائری نمبر لگایا، اپیلوں میں موقف اختیار کیاگیا کہ انعام اللہ شاہ جس کو بر طرف کیا جا چکا تھا عدالت نے اس کے بیان پر انحصار کیا۔

عدالت نے وعدہ معاف گواہ کے بیان پر انحصار کیا جو نہیں کیا جا سکتا تھا،بانی اور بشری ٰ کے خلاف استغاثہ کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی،ایک ہی جرم میں متعدد مرتبہ سزا نہیں دی جا سکتی،سپیشل سنٹرل عدالت کو سماعت کا اختیار نہیں تھا،صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا،بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے نے اپنے پاس رکھا،مقدمہ بغیر تفتیش قائم کیا گیا اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،درخواست گزار سرکاری ملازم کی تعریف میں نہیں آتا۔اپیلوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی وکیل خالد یوسف نے اسلام آبادہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ توشہ خانہ ٹو کیس میں 20 گواہان کابیان قلمبند کیا گیا،گواہان مشکوک تھے ،بانی اور بشری ٰ کو بنیادی طور پرناحق سزا سنائی گئی ہے ،ہماری استدعا ہے کہ7 جنوری کوسماعت رکھی جائے ،سترہ سالہ سزا کو منسوخ کیا جائے ،بانی اور انکی اہلیہ کو بری کیا جائے ۔تحریک انصاف سے وکلا اور خاندان کے افراد کی ملاقات آج منگل کواڈیالہ جیل میں ہوگی۔ملاقات کیلئے پارٹی نے چھ وکلا رہنماؤں کی فہرست جیل حکام کوارسال کردی ہے ، فہرست میں وکلا سلمان اکرم راجہ ، بیرسٹرگوہرخان اورطاہرسلطان کے علاوہ ملک شجاعت جندراں، محمد مدثراوراحمد ندیم گورائیہ کے نام شامل ہیں۔ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اوربشریٰ بی بی کے فیملی ممبران بھی شریک ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں