پختونخوا کابینہ :سیف سٹیز پراجیکٹ اور تعلیمی پروگراموں کی منظوری

پختونخوا کابینہ :سیف سٹیز پراجیکٹ اور تعلیمی پروگراموں کی منظوری

پشاور ہائیکورٹ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کیلئے گاڑیاں خریدنے کی بھی منظوری دی گئی

 پشاور (آئی این پی ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف ترقیاتی اور تعلیمی پروگراموں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں خیبرپختونخو ا سیف سٹیز پراجیکٹ کے لیے 3825ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی، پشاورسے آغاز ہونے والے سیف سٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت اور نارتھ وزیرستان سمیت چار دیگر اضلاع شامل کیے گئے ۔سیف سٹی پراجیکٹ کے کچھ اہداف پر 80فیصد اور کچھ پر 50 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے ۔اجلاس میں پاکستان پاپولیشن سمٹ 2025 کے لیے 25 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی، پشاور ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کے لیے گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔ گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت احساس ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کیلئے 207 ملین روپے مختص کئے گئے جو تین سالہ منصوبہ ہوگا ۔اس پروگرام کے تحت ہرسال 850 قابل نوجوانوں کومختلف علوم کی ترویج کیلئے انٹرن شپ فراہم کی جائیگی۔اجلاس میں سکول لیڈرزکی کنٹریکٹ بنیادوں پربھرتیوں کی بھی منظوری دی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں