آبی جارحیت،بھارت دوبارہ جنگ پرمجبورنہ کرے : راجہ پرویز
چناب پرمتناعہ بجلی منصوبہ،وزیراعظم معاملہ عالمی عدالت میں اٹھائیں:سابق وزیراعظم پانی پاکستان کی ریڈ لائن ، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا:نائب صدرپی پی شیری رحمان
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے دریائے چناب پر متنازعہ بجلی منصوبہ منظور کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت آبی جارحیت کے ذریعے سندھ طاس معاہدے کی دھجیاں اڑا رہا ہے ،دلہستی سٹیج ٹو پن بجلی منصوبہ پاکستان کے پانی پر براہِ راست حملہ ہے ،مودی حکومت آپریشن سندور کی ناکامی کا پاکستان سے بدلہ لینا چاہتی ہے ،بھارت نے ریڈ لائن عبور کی تو لائن آف کنٹرول کھو دیگا،پاکستانی عوام اور فوج کو آپریشن بنیان المرصوص ٹو شروع کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وزیر اعظم متنازعہ بھارتی منصوبے کا معاملہ فوری عالمی عدالت انصاف میں اٹھائیں۔ دریں اثنا نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھارتی آبی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب پر دلہستی سٹیج ٹو پن بجلی منصوبے کی منظوری سندھ طاس معاہدے کی کھلی اور سنگین خلاف ورزی ہے ، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے ، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، اگر بھارت باز نہ آیا تو آپریشن بنیان المرصوص کی طرح بھارت کو ایک بار پھر حزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا،شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کے دریاؤں پر کسی قسم کی اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش سخت نتائج کو جنم دے سکتی ہے ، بھارت کو یکطرفہ اقدامات ترک کر کے بین الاقوامی معاہدوں کی مکمل پاسداری کرنا ہو گی۔