ہم مذاکرات کیلئے تیار مگر پی ٹی آئی انکار کر رہی ، خواجہ آصف
وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا، اقتدار سب سے زیادہ عارضی چیز ، وزیر دفاع کی گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ ادارے نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کا احتساب کیا اور احتساب کا کریڈٹ موجودہ فوجی قیادت کو جاتا ہے ۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی دعوت دی پی ٹی آئی نے درست جواب نہیں دیا۔پی ٹی آئی مذاکرات سے انکار کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا، اقتدار سب سے زیادہ عارضی چیز ہے ۔محمود اچکزئی سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں مگر پی ٹی آئی تو گالیاں دے رہی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایکس اکاؤنٹ پر خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خط کے حوالے سے کہا کہ صوبائی قیادت کے بعض اقدامات اور بیانات ملک کی وفاقی، آئینی اور بین الصوبائی وحدت کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔سہیل آفریدی کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت میں حملے ہوتے ہیں اور یہ واقعات بار بار پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض پارٹی قائدین اور کارکنان کی طرف سے سوشل میڈیا پر استعمال ہونے والی انتہائی نامناسب اور گندی زبان آئینی عہدوں اور صوبوں کے مابین احترام کو نقصان پہنچا رہی ہے ۔وزیر دفاع نے عوام اور سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ مل کر ایسے اقدامات کی شدید مذمت کریں اور سدباب کے لیے اقدامات کریں تاکہ ملک میں آئینی اور وفاقی یکجہتی برقرار رہے ۔