امریکا زراعت، آئی ٹی، معدنیات میں سرمایہ کاری کرے، چیئرمین سینیٹ

امریکا زراعت، آئی ٹی، معدنیات میں سرمایہ کاری کرے، چیئرمین سینیٹ

80امریکی کمپنیاں ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کو روزگار دے رہیں، امریکی سیاسی قونصلر سے گفتگو نوجوان نسل کو اتحاداور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو اپنانا چاہئے ،تقریب سے خطاب

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے امریکا کی سیاسی قونصلرشیلی ساکسن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ صورتحال اور پارلیمانی تعاون کے فروغ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہیں۔ اس وقت 80 امریکی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں جو اندازاً ایک لاکھ بیس ہزار سے ایک لاکھ پچاس ہزار افراد کو روزگار فراہم کر رہی ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے امریکہ کو زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، توانائی، صحت، تعلیم اور دیگر ترجیحی شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کی دعوت دی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تجارت و سرمایہ کاری، آئی ٹی، توانائی و معدنیات، صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں ادارہ جاتی سطح پر مسلسل اور مؤثر تعاون کے ذریعے عملی پیش رفت کا خواہاں ہے ۔ علاوہ ازیں ایوان صدر میں بابائے قوم کے 149 ویں یوم پیدائش پر قائد اور بچے کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان بطور قوم قائداعظم کے وژن، اصولوں اور اخلاقی اقدار کو زندہ رکھنے کے لیے پرعزم ہے ، نوجوان نسل کو قائد کے وژن کے مطابق اتحاد، نظم و ضبط، آئین پسندی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو اپنانا چاہئے ۔ پاکستان کا قیام احتجاج یا ہنگامہ آرائی سے نہیں بلکہ منطقی مکالمے ، قانونی بصیرت اور اخلاقی اتھارٹی کے ذریعے عمل میں آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں