منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

وزیر داخلہ کی انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کو بھی گرفت میں لانے کی ہدایت ایف آئی اے زونل دفاتر میں پری ڈیپارچر سہولت ڈیسک قائم کر دئیے :محسن نقوی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا، انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس اور جعلی ادویات مافیا کو بھی گرفت میں لانے کی ہدایت کر دی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز ایف آئی اے کراچی زون کادورہ کیا اور منی لانڈرنگ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے منی لانڈررز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور ان کی پوری منی ٹریل بے نقاب کریں، حوالہ ہنڈی کسی صورت قابل برداشت نہیں ۔محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ اور جعلی ادویات کا دھندہ کرنے والوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لانے کی ہدایت کردی۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو جھانسہ دے کر غیرقانونی طور پر بیرون ممالک بھجوانے والے رعایت کے مستحق نہیں ، کسی دباؤ میں آئے بغیر اس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے ، جعلی ادویات کا دھندا کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں ۔وفاقی وزیرداخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اہم پیغام میں بتایا کہ ایف آئی اے کے تمام زونل دفاتر میں پری ڈیپارچر سہولت ڈیسک قائم کر دئیے ہیں جو بین الاقوامی مسافروں کو امیگریشن طریقہ کار کے متعلق رہنمائی اور مدد دیں گے ۔ سہولت ڈیسک ہیلپ لائنز اور ای میل کے ذریعے قابل رسائی ، ان کی تفصیلات ہوائی اڈوں ، سرحدی مقامات اور ایف آئی اے کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں