پی آئی اے کی کامیاب بولی بارش کا پہلا قطرہ،نجکاری تیز کی جائے:شہباز شریف
نجکاری کمیشن میں شفافیت کیلئے آڈٹ کا فیصلہ،بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے منصوبے پر غور زرعی شعبے میں ترقی کی بھرپور استعداد ، برآمدات بڑھانے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے :وزیر اعظم
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ،دنیا نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے امور پر اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا ،جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری ، وزیراعظم کے مشیر نجکاری اور چیئرپرسن نجکاری کمیشن محمد علی اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی کامیاب نجکاری بارش کا پہلا قطرہ ہے ،نجکاری کمیشن میں اصلاحات اور کام کو تیز کیا جائے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی نجکاری کمیشن میں نجی شعبے اور مارکیٹ سے بہترین صلاحیتوں کے حامل افراد کو تعینات کیا جائے اور یہ تعیناتیاں انتہائی شفاف انداز میں کی جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن کو ڈیجیٹائز کیا جائے اور نجکاری کے تمام منصوبوں کا بین الاقوامی معیار کی فرم سے تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے ۔اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا جسے ابتدائی طور پر دو بیچز میں رکھا گیا ہے ۔
پہلے بیچ میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کی جائے گی جبکہ دوسرے بیچ میں حیدرآباد لیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی شامل ہیں۔دریں اثنائوزیر اعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے میں اصلاحات اور کسانوں کو عالمی سطح پر رائج اطوار سے متعارف کرانے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے زرعی شعبے میں ترقی کی بھرپور استعداد موجود ہے ، زرعی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے ۔زرعی برآمدات میں اضافے اور زرعی شعبے کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے تشکیل کردہ نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا زرعی شعبے میں اصلاحات اور کسانوں کو عالمی سطح پر رائج اطوار سے متعارف کرانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے کسانوں کو معیاری بیج، مناسب قیمت پر بروقت کھاد اور بیماری کی روک تھام کیلئے ادویات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے ہدایت کی ساحلی پٹی پر پام آئل کی پیداوار کے لیے پالیسی اقدامات تشکیل دے کر پیش کئے جائیں۔ چیئرمین ورکنگ گروپ رانا نسیم اور ان کی ٹیم نے زرعی شعبے پر جامع رپورٹ پیش کرتے ہوئے اسے درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔