صوبائی حکومت ، سیاسی قیادت پر الزامات افسوسناک :پی ٹی آئی

صوبائی حکومت ، سیاسی قیادت پر الزامات افسوسناک :پی ٹی آئی

باجوہ کو قوم کا باپ کی بات عمران سے منسوب کرنا حقائق مسخ کرنے کے مترادف ملٹری آپریشن کی مخالفت کو دہشتگردوں کی حمایت قرار دینا زمینی حقائق کے منافی:بیان

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک آئینی و جمہوری ریاست میں عسکری ترجمان کی جانب سے ایک منتخب صوبائی حکومت، ایک بڑی سیاسی جماعت اور اس کی قیادت کو براہِ راست سیاسی تنقید، طنزیہ جملوں اور الزامات کا نشانہ بنانا انتہائی افسوناک ہے جس سے نہ صرف سیاسی درجۂ حرارت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ریاستی نظام کے توازن پر بھی سوالات جنم لیتے ہیں۔اپنے بیان میں تحریک انصاف نے کہا کہ پریس کانفرنس میں یہ تاثر دیا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جنرل ریٹائرڈ باجوہ کو قوم کا باپ قرار دیا تھا، جو حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہے ۔اسی طرح خیبر پختونخوا میں کسی ممکنہ ملٹری آپریشن کی مخالفت کو دہشت گردوں کی حمایت کے مترادف قرار دینا بھی زمینی حقائق کے منافی ہے۔

12 نومبر 2025 کو صوبائی حکومت کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے گرینڈ امن جرگے میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا پائیدار حل نہیں اور دیرپا امن کے لیے ایک جامع، متفقہ اور ہمہ گیر قومی پالیسی ناگزیر ہے ۔ اس اجتماعی صوبائی مؤقف کو محض ایک جماعت یا حکومت سے جوڑنا پورے صوبے کے عوام کے شعور اور قربانیوں کے نقطہ نظر سے غیر مناسب ہے ۔پی ٹی آئی اس امر پر بھی گہرے دکھ اور حیرت کا اظہار کرتی ہے کہ پریس کانفرنس میں یہ تاثر دیا گیا کہ دہشت گرد پاکستان تحریک انصاف کو نشانہ کیوں نہیں بناتے ؟، یہ بھی حقائق کے بالکل برعکس ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما اور سابق تحصیل ناظم فدا محمد کی گاڑی کو بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں اور رہنما ؤں پر دہشت گرد حملے ہوتے رہے ہیں۔عمران خان خود ایک دہشت گرد اور قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں