اپوزیشن لیڈرزکی تقرری میں تاخیر ، پی ٹی آئی کاپارلیمنٹ میں احتجاج کا فیصلہ
سپیکر سے کسی بھی رابطے کی تردید ، پالیسی کے برعکس بات چیت نہیں ہوگی :پی ٹی آئی رہنما
اسلام آباد (سہیل خان) سینیٹ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرز کی تقرری کا معاملہ ڈرامائی صورتِ حال اختیار کر گیا۔ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز کے لئے محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کی نامزدگیوں سے متعلق معاملات میں مزید پیچیدگیاں سامنے آ گئی ہیں۔ اب یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ اصل پارٹی اپنے ارکان میں سے نامزدگیاں کر یں ، تاہم ناموں میں تبدیلی کے لیے غیر رسمی طور پر ملنے والے پیغامات مسترد کر د ئیے گئے ہیں۔ تقرریوں میں تاخیر پر پارلیمنٹ کے آئندہ ہفتے شروع ہونے والے اجلاسوں میں سخت احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے حوالے سے سپیکر ایاز صادق سے کسی بھی قسم کے رابطے کی تردید کر دی ہے ، پارٹی رہنمائوں کا کہنا ہے پالیسی کے برعکس کسی سے بات چیت نہیں ہوگی ۔عامر ڈوگر نے واضح کیا کہ کسی کو نامزدگی میں تبدیلی کی توقع نہیں رکھنی چا ہئے کیونکہ یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی کا ہے ۔