پنجاب :ہسپتالوں میں دوران ڈیوٹی موبائل فون پر پابندی :80ارب خرچ کے باوجود ادویات نہ ملنا نا قابل فہم ـ:مریم
سکیورٹی گارڈ، وارڈ بوائے ا،نرسز،فارمیسی سٹاف کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ،کام چوروں کو گھرجاناہوگا :وزیراعلیٰ تنخواہیں کارکردگی پر بڑھائی جائیں گی ،چینی ساختہ طبی آلات کی اجازت پر غور، نئی میڈیسن لسٹ مرتب کرنے کا حکم
لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری ہسپتالوں کے لئے نئی میڈیسن لسٹ بنانے کا حکم دے دیا جبکہ نئی میڈیسن کی لسٹ مرتب کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کردی اور کہاکہ80ارب روپے میڈیسن کے لئے دے رہے ہیں اور ادویات کا نہ ملنا ناقابل فہم ہے ،اب عوام کے پیسے اور وقت ضائع نہیں ہوں گے ،نااہل اور کام چوروں کو گھر جانا ہوگا ۔ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں ہیلتھ پراجیکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں دوران ڈیوٹی ڈاکٹر اور نرس کے موبائل استعمال پر پابندی پر اتفاق کیا گیا جبکہ ہسپتالوں کے سکیورٹی گارڈ، وارڈ بوائے ،نرسوں، فارمیسی سٹاف کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
مریم نواز نے ہر سرکاری ہسپتال میں روزانہ نو بجے تک مکمل سٹیم کلیننگ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو جدید طبی آلات سے لیس کرنے کیلئے چینی ساختہ طبی آلات کی اجازت نامے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں موجودسکیورٹی کمپنیوں اور سکیورٹی گارڈ کے خلاف عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں میڈیسن کی فراہمی کے فول پروف طریقہ کاراپنانے کا حکم دیا۔ پنجاب میں ایم ایس پول قائم کرنے اور صرف پرفارمنس پر تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا،کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کو ہسپتال سروے کی ذمہ داری بھی سونپنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہیلتھ میں عوامی فلاحی اقدامات کی افادیت کا جائزہ لینے کیلئے ڈیٹا اینالیسز سنٹر قائم کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 2500سے زائد ڈاکٹرز کو دوسال سے کم عرصے میں جاب مل چکی ہیں،پنجاب بھر میں کارڈیک میڈیسن ہوم ڈلیوری کے لئے 5 لاکھ85ہزار مریض رجسٹرڈکئے گئے ۔ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے 6ہزار مریضوں کو گھروں کی دہلیز پر میڈیسن فراہم کی گئی ۔