لاہور بار : حامد خان گروپ کے عرفان حیات باجوہ صدر منتخب : شیخوپورہ انتخاب موخر
طاہر منیر سینئر نائب صدر، ملک فہد جنرل سیکرٹری، شعیب اشرف بھٹی سیکرٹری ،ثمینہ بسرا جوائنٹ سیکرٹری منتخب بشری ٰنقوی ملتان بار کی پہلی خاتون صدر، احمد لطیف قصور ،رانا امجد پاکپتن،علی ناصر ننکانہ کے صدر بن گئے
لاہور(کورٹ رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ،نمائندگان دنیا)لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات برائے 2026ء-2027 ء میں صدر کی نشست پر حامد خان (پروفیشنل )گروپ کے امیدوار عرفان حیات باجوہ نے احسن بھون (انڈیپنڈنٹ )گروپ کے امیدوار ادیب اسلم کو 405 ووٹوں کی برتری سے شکست دیدی ، جبکہ جنرل سیکرٹری کی نشست پرملک فہد ،شعیب اشرف بھٹی سیکرٹری ،میاں طاہر منیر سینئر نائب صدر،ہمایوں ظہیر نائب صدر اور ثمینہ بسرا جوائنٹ سیکرٹری کی نشست پرکامیاب قرارپائے ۔ادھر شیخوپورہ بار کے الیکشن بورڈ کی ازسرِنو تشکیل کے باعث ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات مؤخر کر دئیے گئے جبکہ قصور بار کے محمد احمد لطیف صدر،شہباز علی جنرل سیکرٹری ،پاکپتن بار کے رانا امجد صدر ، یاسر عرفات جنرل سیکرٹری ،شکرگڑھ بارکے ناصرگورسی صدر،ضیاء ارشد سیکرٹری،چونیاں بار کے مشتاق دہنگل صدر ، ملک عبدالغفار جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے جبکہ ملتان بار کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیدہ بشریٰ نقوی خاتون صدر منتخب ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور بار ایسوسی ایشن کے غیرحتمی نتائج کے مطابق عرفان حیات باجوہ نے 3 ہزار 559ووٹ حاصل کئے ، مدمقابل ادیب اسلم بھنڈر 3 ہزار 154ووٹ لیکر دوسرے اور آزاد امیدوار شاہد جمال بٹ 122 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے ۔ جنرل سیکرٹری کی نشست پر4210 ووٹ لے کر ملک فہد نثار کھوکھر ،سیکرٹری کے عہدے پر 3297 ووٹ لیکر شعیب اشرف بھٹی ،میاں طاہر منیر 4376 ووٹ لیکر سینئر نائب صدر،ہمایوں ظہیر 4183 ووٹ لیکر نائب صدر منتخب ہو گئے ۔اسی طرح ثمینہ بسرا جوائنٹ سیکرٹری،زوہیب خان فنانس سیکرٹری،نعمان علی گورا یہ لائبریری سیکرٹری،راحیلہ حفیظ رانا آڈیٹر منتخب ہوگئے ۔نائب صدور کی نشستوں پر کنول آصف خان4241 ووٹ لیکرماڈل ٹاؤن،زاہد محمود گل3991 ووٹ لیکر کینٹ سے منتخب ہوگئے ۔ علاوہ ازیں نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب امیدواروں کے حامی وکلا نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ، مٹھائیاں تقسیم کیں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا ۔قبل ازیں پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا جس کیلئے لاہور بار میں 11 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ، الیکشن کمیشن کے فرائض چودھری عمران مسعود نے سر انجام دئیے ۔
مجموعی طور پر 6ہزار915 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ اس موقع پر پولیس کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ادھر پاکپتن ڈسٹرکٹ بارکے الیکشن میں سول اتحاد گروپ نے میدان مار لیا اورصدارتی امیدوار رانا امجد الیاس 556 ووٹ لے کر 194 ووٹوں کی برتری سے صدر ، یاسر عرفات گجر 779 ووٹ لیکر جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔ علاوہ ازیں چونیاں بار کے انتخابات میں چودھری مشتاق دہنگل صدر اور ملک عبدالغفار جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ۔ انتخابی نتائج کے اعلان پر بار میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔مزید برآں ڈسٹرکٹ بار قصور کے انتخابات میں چودھری محمد احمد لطیف 981 ووٹ لے کر صدر، شہباز علی خاں 747 ووٹ لے کر جنرل سیکرٹری ، مہر محمد احتشام 1030 ووٹ لے کرسینئر نائب صدر ، نوید احمد خاں 948 ووٹ لے کر نائب صدر ، محمد عرفان 1020 ووٹوں کے ساتھ لائبریری سیکرٹری ، رضوان اقبال 970ووٹ لے کر جوائنٹ سیکرٹری ، محمد احمد محبوب 1040 ووٹ لے کر فنانس سیکرٹری اور جنید احمد خاں آڈیٹر کے عہد ے پر 891 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔
لائبریری سیکرٹری کے لیے محمد عرفان ایڈووکیٹ نے 1020 ووٹ لئے جبکہ اُن کے مدمقابل امیدوار 861 ووٹ لے سکا۔ آڈیٹر کے لیے جنید خاں ایڈووکیٹ نے 891 ووٹ لئے جبکہ اُن کے مدمقابل امیدوار چودھری محمد الیاس ایڈووکیٹ 881 ووٹ حاصل کرسکے ۔ اسی طرح شکرگڑھ بار کے الیکشن میں ناصر جمیل گورسی نے 256 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مدمقابل حافظ عبد الستار186 ووٹ لے سکے ، جنرل سیکرٹری کی نشست پر ضیاء ارشد 275 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، مدمقابل ظہیر طور 127 ووٹ حاصل کرسکے ۔ ادھر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات میں بار کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون امیدوار سیدہ بشری ٰنقوی صدر منتخب ہو گئیں۔ سیدہ بشری ٰنقوی نے 1282ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار محمد افضل جٹ 973 ووٹ لے کر ناکام رہے ۔نائب صدر کی نشست پر 919 ووٹ لے کر نعیم آرائیں نے ،جنرل سیکرٹری کی نشست پر 1170 ووٹ لے کر ملک سعادت حسین نے کامیابی حاصل کی۔
دریں اثناء شیخوپورہ بار کے الیکشن بورڈ کی ازسرِنو تشکیل کے باعث ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات مؤخر کر دئیے گئے ، ایک دن میں چھان بین ناممکن قرار دیدی گئی،اب بار ایسوسی ایشن شیخوپورہ کے انتخابات 17 جنوری کو ہوں گے ۔شیخوپورہ بار کے الیکشن بورڈ تبدیل ہونے پر سابق فیصلے کالعدم قرار دیدئیے گئے ، بیلٹ پیپرز پر دستخط اور کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔علاوہ ازیں تحصیل بار فیروزوالا کے انتخابات میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے حمایت یافتہ امیدوار وارث علی بھٹی صدر جبکہ سبطین محمود گجر جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
الیکشن نتائج کے مطابق وارث علی بھٹی نے مدمقابل شوکت علی کھوکھر کے 482 ووٹوں کے مقابلے میں 752 ووٹ حاصل کئے جبکہ سبطین محمود گجر نے اپنے حریف ابرار سعید کے 545 کے مقابلے میں 733 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔وارث بھٹی کے گرین پینل میں شامل زوار حسین شاہ نے نائب صدر، مدثر علی اعوان نے جوائنٹ سیکرٹری، افضال احمد گل نے فنانس سیکرٹری جبکہ عبدالرب منڈا نے لائبریری سیکرٹری کی سیٹوں پر مدمقابل امیدواروں کو واضح اکثریت سے شکست دی۔ ادھر ننکانہ صاحب ڈسٹرکٹ بار کے انتخابات میں علی ناصر قادری 395 ووٹ لے کر صدر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدِ مقابل ملک علی عمران اعوان 366 ووٹ لے سکے ۔اسی پینل کے کامران ممتاز چھینہ ایک ووٹ کی معمولی برتری سے کامیاب ہوئے جبکہ محمد حسین ڈاہر نے 445 ووٹ حاصل کر کے 134 ووٹوں کی واضح برتری سے نائب صدر کی نشست جیت لی۔ اْن کے مدِ مقابل رؤف اعظم 311 ووٹ حاصل کر سکے۔