پراپیگنڈہ مسترد،سمندر پار پاکستانیوں کا ریکارڈ ترسیلات بھیجنا حکومت پر اعتماد:وزیراعظم

پراپیگنڈہ مسترد،سمندر پار پاکستانیوں کا ریکارڈ ترسیلات بھیجنا حکومت پر اعتماد:وزیراعظم

سمندر پار مقیم پاکستانی قیمتی سرمایہ ،قوم کو ان پر فخر ،ان کی بہبود کیلئے اقدامات حکومتی ترجیحات میں شامل :شہبازشریف پاکستان کو آئی ٹی کا مرکز بنانے کیلئے کوشاں:وزیراعظم،مولانا فضل الرحیم اشرفی کی تعزیت کیلئے جامعہ اشرفیہ لاہور آمد

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، نیوزایجنسیاں) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دسمبر 2025 میں گزشتہ برس کے مقابلے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجنے پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کا پراپیگنڈے کو مسترد کرکے وطن کی تعمیر و ترقی کیلئے ترسیلات زر بھیجنا ان کی اپنے ملک سے محبت کی اعلیٰ مثال اورحکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے ۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دسمبر 2025 میں محب وطن سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 3 اعشاریہ 6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں جن پر ان کے مشکور ہیں،سمندر پار مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو ان پر فخر ہے ،ان پاکستانیوں کی بہبود کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر کا ایک اورریکارڈ قائم ہوگیا۔

ترسیلاتِ زردسمبر 2025 میں 3 اعشاریہ 6 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، دسمبر 2025 میں ترسیلاتِ زر دسمبر 2024 کے 3 اعشاریہ 1 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریبا 17 فیصد زیادہ رہیں۔دسمبر میں ترسیلاتِ زرنومبر 2025 کے 3اعشاریہ 2 ارب ڈالر کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہوا، ریکارڈترسیلات زر کی وجہ سے مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلات 19اعشاریہ 7 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلات زر گزشتہ سال کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں، مالی سال 2026 میں مجموعی ترسیلاتِ زر 41ارب ڈالر سے تجاوز ہونے کی توقع ہے ۔مشیر وزیر خزانہ کے مطابق سعودی عرب سے پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ 813 ملین ڈالرز کی ترسیلات ہوئیں، متحدہ عرب امارات سے 726 ملین ڈالر ،برطانیہ سے 560ملین ڈالرز اور امریکا سے 302ملین ڈالرز پاکستان بھیجے گئے ۔ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی ملکی معیشت میں مضبوط شمولیت طویل المدتی استحکام، پائیدار ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی ماہر مرحومہ ارفع کریم رندھاوا کے نام پر ان کے والدین کی جانب سے فاؤنڈیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی سطح پر ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے گی اور حکومت پاکستان کو خطے میں آئی ٹی کا مرکز بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔وزیراعظم سے آئی ٹی ماہر مرحومہ ارفع کریم رندھاوا کے والدین ثمینہ امجد، امجد کریم رندھاوا اور عرفہ کریم فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو تابندہ اسلام نے گزشتہ روز ملاقات کی ۔وزیراعظم نے ارفع کریم کی کم عمری میں ہی آئی ٹی کے میدان میں خدمات اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز مرحوم مہتمم اعلیٰ مولانا فضل الرحیم اشرفی کی تعزیت کیلئے جامعہ اشرفیہ لاہور گئے ،انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم مولانا فضل الرحیم اشرفی کی اسلام کیلئے خدمات کو رہتی دنیا تک عالم اسلام میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا،جامعہ اشرفیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کو جوڑنے کا کردار ادا کیا ہے جو کہ ہر لحاظ سے قابل ستائش و تحسین ہے ۔وزیراعظم نے اس موقع پر وہ وقت یاد کیا جب وہ اپنے والد محترم میاں محمد شریف کے ساتھ جامعہ اشرفیہ لاہور میں ایک طویل عرصہ تک نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسلسل حاضر ہوتے رہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں