مریم نواز کا نئے ہسپتالوں کی جلد تکمیل کا حکم،ڈاکٹرز،سٹاف کی بھرتیاں شروع
نوازشریف کینسر ہسپتال،جناح کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ لاہورکو رواں ماہ ہی اوپن کرنے کی ہدایت لیڈی ولنگڈن کی جلد تعمیر نوکاحکم،کینسر ہسپتال میں پاکستان بھر کے مریضوں کا علاج ہوگا:وزیراعلیٰ
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نئے ہسپتالوں کی جلد تکمیل کا حکم دے دیا ،نوازشریف کینسر ہسپتال،لاہور میں جناح اورسرگودھا میں نوازشریف کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹس سمیت دیگرکی جلد تکمیل کی ڈیڈ لائن مقررکردی گئی۔وزیراعلیٰ نے لاہور میں نوازشریف کینسر ہسپتال اورجناح کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو اسی ماہ اوپن کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی ٰ کو دوران اجلاس بریفنگ میں بتایاگیاکہ نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کے بیسمنٹ،گراؤنڈ فلور،مریضوں کے لئے ویٹنگ ایریا،سرائے ،مسجداور ڈاکٹرز کی رہائش گاہیں مکمل کر لی گئی ہیں اوررواں ماہ ہی آغاز ہوجائے گا۔نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹرمیں ڈاکٹرزاورپروفیشنل سٹاف کی بھرتیاں بھی شروع کردی گئی ہیں ، 219 اسامیوں کے لئے انٹرویو کئے جا رہے ہیں جبکہ سربراہ کی تعیناتی کے لئے اسامی دوبارہ مشتہر کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔مریم نواز نے لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آغاز کے لئے 31جنوری کی ڈیڈ لائن دے دی اورلیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نوبھی جلد ازجلد مکمل کرنے کاحکم دیا۔مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں پاکستان بھر سے آنے والے ہرکینسر مریض کا علاج ہوگا۔